کوئٹہ: کوئٹہ میں کانگو وائرس کا ایک اور مریض چل بسا۔ رواں سال بلوچستان میں کانگو سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 10 ہو گئی۔پچپن سالہ رحمت کا تعلق کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ سے تھا۔ اسے چند روز قبل کانگو وائرس کے شبے میں فاطمہ جناح اسپتال لایا گیا تھا جہاں خون کے نمونوں کا معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹروں نے رحمت اللہ کے جسم میں کانگو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔ اسپتال حکام کے مطابق رحمت اللہ ایک ہفتے تک اسپتال میں زیر علاج رہے۔ گزشتہ شب ان کی حالت انتہائی خراب ہوگئی اور آج صبح وہ دم توڑ گئے۔ دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے شیخ ماندہ کے رہائشی 36سالہ غلام محمدکو کانگو کے شبے میں اسپتال داخل کردیا گیا۔ غلام محمد کے منہ اور ناک سے خون بہہ رہا ہے۔ مریض کے خون کے نمونے لیکر ٹیسٹ کیلئے کراچی بجھوادیئے گئے۔ اسپتال حکام کے مطابق اسپتال حکام کے مطابق کانگو وائرس سے رواں سال اب تک بلوچستان میں دس افراد جاں بحق ہوئے۔ رواں سال مجموعی طور پر 93مریضوں کو کانگو کے شبے میں اسپتال لایا گیا جن میں سے چھبیس افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔