|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2016

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے 24 ستمبر کو رائے ونڈ مارچ کا اعلان کردیا۔ کراچی کے نشتر پارک میں پی ٹی آئی کے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پوری قوم کو مل کر وزیراعظم نواز شریف سے کرپشن پر جواب لینا ہوگا اورساتھ ہی تجویز بھی دی کہ کرپشن ٹھیک کرنے کیلئے پہلے اداروں کو ٹھیک کرنا ہوگا۔پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ متحدہ بانی کی اشتعال انگیزی کے بعد انھوں نے کراچی جلسے کا فیصلہ کیا۔ انھوں نے کراچی کو پاکستان کا معاشی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘کراچی والوں کو بتانے آیا ہوں کے آپ اکیلے نہیں ہیں’۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 20 سے 25 سال پہلے خوف طاری کیا گیا تھا۔ انھوں نے الطاف حسین پر عظیم طارق کے قتل کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 1985 میں بانی متحدہ نے کراچی میں ظلم وستم کا آغاز کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین لندن میں بیٹھ کر کراچی کے مستقبل کا فیصلہ کرتے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی والوں کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ وہ کتنے محب وطن ہیں، ‘مہاجروں کو اپنے آپ کو محب وطن ثابت کرنا ضروری نہیں’۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے جان قربان کرنے والوں کو اس کی قدر ہے، ‘مہاجروں کے حقوق کیلئے ساتھ کھڑا رہوں گا’۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے اعلان کیا کہ ’24 ستمبر کو پورے ملک سے لوگوں کو رائے ونڈ لے کرآؤں گا’۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے ہماری پٹیشن کو غیر سنجیدہ قرار دے کر خارج کیا، اگر سپریم کورٹ انصاف نہیں دے گی تو سڑکوں پر نکلنے کے سوا ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں رہ جاتا۔