کوئٹہ : ڈیرہ مراد جمالی ،حب اور پشین میں ٹریفک حادثات میں سات افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نصیرآباد کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈیرہ مراد جمالی کے قریب نوتال کے مقام پر جیکب آباد سے کوئٹہ جانے والی تیز رفتار مسافر ویگن اور ٹرالر میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور سولہ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں سول اسپتال نصیرآباد منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق افراد میں نیاز، ظفر اور پشین کا رہائشی عبدالبقاء جاں بحق ہوگیا۔ ادھر لسبیلہ کے علاقے بیلہ میں کاٹھور کے مقام پر آر سی ڈی شاہراہ پر مزدا ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار ارشد اور نور حسین جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور محمد علی کو گرفتار کرلیا۔لسبیلہ ہی کے علاقے حب چوکی میں مین آر سی ڈی شاہراہ پر مین کانٹا کے قریب حب سے گڈانی جانیوالی سوزوکی گاڑی اورمخالف سمت سے آنیوالی لوکل کوسٹر گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں سوزکی میں سوار گل نواب سید سڑک پر گر کر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے ڈرائیور کرم کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا ۔ ایک اور حادثہ پشین کے علاقے بوستان میں پیش آیا جہاں تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے سڑک کنارے کھڑے موٹرسائیکل سواروں پر چڑھ گئی۔ حادثے میں کوئٹہ کے علاقے نواں کلی خلجی آباد کا رہائشی بیس سالہ عبدالولی ولد عبدالسلام ہوتک جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی محمد اللہ ولد نجیب اللہ ہوتک زخمی ہوگیا۔ لاش اور زخمی کو کوئٹہ منتقل کردیا گیاجبکہ ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔