کوئٹہ : بلوچستان وکلاء نے سانحہ آٹھ اگست کے شہداء کا چہلم بھر پور طریقے سے 23ستمبر کو منانے کا اعلان کردیا ہے۔یہ فیصلہ بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ،بلوچستان بار کونسل ،بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر غنی خلجی نے کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ سانحہ آٹھ اگست کے شہداء وکلاء کا چہلم 23ستمبر کو بلوچستان ہائیکورٹ میں وکلاء بھر پور طریقے سے منائیں گے۔ اجلاس میں اس حوالے سے انتظامات جائزلیا گیا اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان بھر کی وکلاء تنظیموں جس میں پاکستان بار کونسل ،سپریم کورٹ بار کونسل اور ملک کے تمام ہائیکورٹس کی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو 23ستمبر کے چہلم کے حوالے سے کوئٹہ میں مدعو کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آٹھ اگست کے افسوسناک واقعہ کے حوالے سے کئے جانے والی تفیش کا جائزہ بھی تمام وکلاءء تنظیموں کے سربراہان کی موجودگی میں لیا جائے گااور ملک گیر سطح پر اس سلسلے میں ایک تحریک شروع کرنے کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چہلم تک عدالتوں کا بائیکاٹ جاری رکھا جائے گااوراس سلسلے میں بلوچستان بھر کے وکلاء سے کہا گیا ہے کہ وہ آٹھ اگست کے شہداء کے چہلم جو بلوچستان ہائیکورٹ میں منایا جائے گا اس میں بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں۔