جنیوا: بلوچستان رپبلکن پارٹی کے رکن عزیز اللہ بگٹی نے کہاہے کہ براہمداغ بگٹی نے بھارت کی شہریت کے لیے درخواست جمع نہیں کرائی اورنہ ہی بھارت نے رضامندی ظاہر کی ہے ۔کالعدم بلوچستان رپبلکن پارٹی کے سوئٹزرلینڈ شاخ کے سابق نائب سیکرٹری جنرل عزیز اللہ بگٹی کا اس تناظر میں جرمن ریڈیو کوبتایا کہ براہمداغ بگٹی نے ابھی تک شہریت کے لیے درخواست نہیں دی ہے۔ اس سلسلے میں آج(پیرکو) بی آر پی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے، جس میں درخواست دینے کے بارے میں بحث کی جائے گی۔ اگر کمیٹی نے شہریت لینے کے حق میں فیصلہ کیا تو پھر ہم باقاعدہ طور پر سیاسی پناہ کی درخواست دیں گے۔عزیز اللہ بگٹی کے مطابق برہمداغ بگٹی ایک سیاسی رہنما ہیں اور ان کے لیے ضروری ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانے کے لیے وہ مختلف ممالک کے دورے کریں۔ اس کے لیے انہیں پاسپورٹ اور شناختی دستاویزات کی ضرورت ہے،’’وہ چھ سال سے سوئٹزرلینڈ میں رہ رہے ہیں اور وہ سیاسی پناہ کی درخواست دینے کا سوچ رہے ہیں تاکہ وہ سوئٹزرلینڈ سے باہر دیگر ممالک کا سفر کر سکیں۔