کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ سیاست میں شائستگی ، بردباری اور تحمل و برداشت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، جو لوگ سیاسی روایات کو پامال کرتے ہوئے غیر پارلیمانی اور غیر اخلاقی زبان استعمال کر رہے ہیں عوام انہیں آئندہ انتخابات میں مسترد کر دیں گے، رائیونڈ مارچ سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ، کچھ منچلوں کو اکٹھا کر کے اور تقریریں کر کے مارچ کرنے والے واپس آجائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے پیر کے روز ان سے ملاقات کی، اسپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی، اراکین صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو، محترمہ معصومہ حیات اور مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنما میر عرفان کردبھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیاست اور کرکٹ کے میدان میں بہت فرق ہے، ضروری نہیں کہ ایک اچھا کھلاڑی ایک اچھا سیاستدان بھی ثابت ہو، سیاستدان کے لیے تحمل ، برداشت اور شائستگی بنیادی عنصر ہیں جو لوگ دھرنوں اور نعروں کی سیاست کے ذریعے ترقی کا عمل روکنا چاہتے ہیں انہیں مایوسی ہوگی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ نعروں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، اللہ نے انہیں صوبے اور یہاں کے عوام کے لیے کچھ کرنے کا موقع فراہم کیا ہے جس سے وہ بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے وعدوں پر عمل کر کے دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے وکلاء کے لواحقین کا درد وہ دل سے محسوس کرتے ہیں ، انہوں نے شہداء کے ورثا ء کے لیے جس تاریخی پیکج کا اعلان کیا ہے، اس پر عملدرآمد کا آغاز ہو چکا ہے ، شہداء کے بچوں کو روزگار اور تعلیم کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، انہیں کسی بھی صورت دربدر نہیں ہونے دیا جائیگا۔