|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2016

کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع پشین اور بارکھان میں ٹریفک حادثات میں پانچ افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق چمن سے کوئٹہ آنے والی مسافر کار پشین کے علاقے یارو میں مزدا بس سے اوور ٹیک لیتے ہوئے الٹ گئی۔ حادثے میں کار میں سوار تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں سریاب روڈ کلی احمد خان زئی کوئٹہ کے رہائشی سید جمعہ گل ولد محمد ابراہیم جان کے علاوہ دو خواتین بی بی حنیفہ زوجہ داد محمد بادیزئی سکنہ قلعہ عبداللہ اور بی بی حلیمہ دختر محمد کاکڑ سکنہ گریش افغانستان شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی شناخت پینتیس سالہ دولت ولد داد محمد بادیزئی سکنہ قلعہ عبداللہ ، متوفیہ حلیمہ کی آٹھ سالہ بیٹی حسنہ اور شوہر محمد قوم سید کے طور پر ہوئی ہے۔ ادھر بارکھان کے علاقے رکھنی میں شیرجان پٹرول پمپ کے قریب باراتیوں کی پک اپ گاڑی تیزرفتاری کے باعث الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق جبکہ گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں بھی خواتین اور بچے شامل ہیں۔ شدید زخمیوں کو رکھنی میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا گیا جہاں ایک اور زخمی خاتون دم توڑ گئی۔ جاں بحق ہونیوالی ایک خاتون کی شناخت گنہور بی بی کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں جارا خان،امام بخش، شہیم، در بی بی، زر خاتون، دولت خاتون ، مرزا خان اور تین دیگر بچے شامل ہیں۔ لیویز کے مطابق حادثہ گاڑی کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق اور زخمی افراد ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں شادی میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے۔