کوئٹہ:کو ئٹہ میں کانگو کے دو مزید کیسز سامنے آگئے۔ کوئٹہ کے فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر عباس نوتکانی کے مطابق ہسپتا ل میں داخل دومریضوں کے خون کے نمونے ٹیسٹ کیلئے کراچی کے آغا خان اسپتال بجھوائے گئے تھے جہاں سے آنے والی رپورٹس کے مطابق دونوں مریضوں میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ مریضوں میں کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ کا رہائشی اکیس سالہ عمر امین اور کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کا چودہ سالہ رہائشی محمد فاروق شامل ہیں۔ عمر امین کو بیس ستمبر اور محمد فاروق کو اٹھارہ ستمبر کو شدید بخار، ناک اور منہ سے خون آنے کی شکایات پر اسپتال میں داخل کیا گیاتھا۔ڈاکٹر عباس نوتکانی نے بتایا کہ جنوری سے اب تک اکتیس مریضوں میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں گیارہ کی موت ہوئی ہے۔ جبکہ کانگو کے شبے میں رواں سال 126 مریضوں کو لایا۔ کئی ایسے مریضوں کی بھی دوران علاج موت ہوئی جنہیں کانگو کے شبے میں اسپتال لایا گیا تھا تاہم ان کے خون کے نمونے کے ٹیسٹ میں کانگو کی تصدیق نہیں ہوئی۔ ڈاکٹر عباس نوتکانی نے مزید بتایا کہ اس وقت فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ اسپتال کے شعبہ وبائی امراض میں کا نگو کے شبے میں ایک خاتون سمیت تین مریض داخل ہیں جن میں65 سالہ خدیجہ کاتعلق چمن جبکہ 28سالہ عمر گل سریاب اور17سالہ سعید ولی کا تعلق مشرقی بائی پاس سے ہے۔ ان کے خون کے نمونوں کے ٹیسٹ کراچی بجھوادیئے گئے ہیں۔مریضوں میں خدیجہ کی حالت تشویشناک ہے۔