کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے اس بات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاک افواج ملک کی بری،بحری اورفضائی حدود کی حفاظت کے لیے پوری طرح مستعد ہیں ،بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف پوری قوم اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈر کوسٹل کمانڈ ریئر ایڈمرل وسیم اکرم سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گذشتہ روز ان سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کے ساحلی شہروں میں عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں بالخصوص صحت اور تعلیم کے شعبوں میں پاک نیوی کی شراکت داری سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے سماجی شعبہ میں پاکستان نیوی کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ساحلی علاقوں میں پاک نیوی کے ادارے قابل تحسین کارکردگی کے حامل ہیں، جن سے ان علاقوں کے عوام کو بہترین تعلیمی اور طبی سہولتیں میسر آرہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک کی سمندری حدود کے دفاع کے لیے پاک نیوی کی صلاحیتوں پر قوم فخر کرتی ہے، موجودہ صورتحال میں قوم جس جذبہ اور یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے وہ قابل فخر اور دشمن کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم ملک کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ، اس موقع پر کمانڈر کوسٹل کمانڈ نے کہا کہ ملک کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک نیوی ہر دم مستعد اور چوکس ہے اور نیوی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو اورماڑہ، جیونی ، پسنی اور گوادر میں پاک نیوی کے زیر انتظام قائم تعلیمی اور طبی اداروں کی کارکردگی اور ان اداروں کو درپیش بعض مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ساحلی علاقوں کی سماجی ترقی کے لیے پاک نیوی کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ پیش کئے گئے مسائل کو حل کیا جائیگا اور صوبائی حکومت پاک نیوی سے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔