کوئٹہ:بلوچستان کے علاقے پنجپائی اور اور تربت میں دہشتگردی کے منصوبے ناکام بنادیئے گئے۔ بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد اور150سے زائد دیسی ساختہ بم برآمد کرلئے گئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کوئٹہ سے متصل تحصیل پنجپائی کے علاقے میں پاک افغان سرحد کے قریب ایک نالے سے ایف سی نے بوریوں میں چھپایا گیا1800کلو گرام بارودی مواد اور 150عدد دیسی ساختہ تیار شدہ بم برآمد کرلئے۔ برآمد ہونیوالے بم بیس بیس کلو وزنی تھے جو گھی کے کین میں رکھے گئے تھے۔ ترجمان کے مطابق برآمد کیا گیا بارودی مواد اور دیسی ساختہ بم دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے اندرون بلوچستان اسمگل کئے جارہے تھے۔ ایک اور کارروائی تربت کے علاقے تمپ میں کی گئی جہاں گومازی کے مقام پر سڑک کنارے نصب آٹھ کلو وزنی دیسی ساختہ بم برآمد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق دہشتگردوں نے یہ بم سیکورٹی فورسز کو نشانہ کیلئے نصب کیا گیا تھا،بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا جس سے پائپ لائن کو آگ لگ گئی جبکہ مختلف کنوؤں سے گیس کی سپلائی معطل ہوگئی ۔واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز اورکمپنی حکام موقع پرپہنچ گئے ۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ بگٹی کے لوٹی گیس فیلڈ میں دھماکہ خیز مواد سے کنواں نمبر10 اور3کی 8انچ جنکشن لائن دھماکہ خیز مواد سے اڑا دی گئی جس سے پائپ لائن کوآگ لگ گئی واقعہ کے بعد کمپنی حکام وسیکورٹی فورسز علاقے میں پہنچ گئے اس سلسلے میں مزید کارروائی جاری ہے ۔