کوئٹہ: کوئٹہ کینٹ پولو گراؤنڈ میں پولو ٹورنامنٹ کے حوالے سے ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ بلیو اور سدرن کمانڈ ریڈ کی ٹیموں کے درمیان زبردست پولو میچ کھیلا گیا۔ جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے مہمان خصوصی کمانڈر سدرن کمانڈ جنرل عامر ریاض تھے۔ مہمان خصوصی اور شائقین نے کھلاڑیوں کو شاندار کھیل پیش کرنے پر خوب داد دی اور محظوظ ہوئے۔ کھیل کے اختتام پر مہمان خصوصی جنرل عامر ریاض نے شائقین و کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ذہنی نشوونما کے ساتھ اخلاقی تربیت اور جسمانی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ کیونکہ جب تک ہمارے نوجوان تندرست اور صحتمند نہیں ہوں گے کسی بھی میدان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ پیش نہیں کر سکتے۔ ہم نے بلوچستان میں کھیلوں کی طرف خاص توجہ دی ہے بلوچستان میں مختلف بین الاقوامی کھیلوں کومقبول عام بنانے اور عالمی معیار پر لانے کے لیے ہر ممکن کوشش اور سہولیات میسر کی جارہی ہیں۔ جہاں عظیم قوموں کی عظمت اور شناخت کھیلوں سے وابستہ ہے وہاں کھیلوں کے ذریعے ایک صحت مند معاشرے کی پروان ہوتی ہے۔ میں بلوچستان اور خصوصاًکوئٹہ کے غیور ، باصلاحیت اور کھیلوں کے شوقین خصوصاً نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ کھیلوں کے میدان میں ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی اپنے بے پناہ ٹیلنٹ کا مظاہرہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پولو گراؤنڈ آپ لوگوں کے لیے تعمیر کیا گیا ہے ا ور یہاں گھوڑوں کی سہولت بھی موجود ہے ۔ میری خواہش ہے کہ آپ لوگ یہاں آئیں اور ہارس رائیڈنگ کریں اور پولو کھیلیں تاکہ بلوچستان کا نام نا صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ترقی ، امن اور خوشحالی کی ضمانت بنے۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے گیریژن کمانڈر میجر جنرل عابد لطیف خان اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی کہ جنہوں نے اتنے کم مدت میں ایک شاندار اور خوبصورت پولوگراؤنڈ کو ناصرف تعمیر کیا بلکہ وہاں پر پولو ٹورنامنٹ کے زبردست انعقاد کا بندوبست بھی کیا۔آخر پر جنرل عامر ریاض نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی۔