لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج کا رائیونڈ دھرنا (دھرنا پلس)ہے۔ پلس کے آگے کیا ہے اس کا اعلان کل کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنما جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے جلسے میں پہلے وزیراعظم نوازشریف کو پیغام جانا تھا لیکن اب دوسرا پیغام بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے لئے جائے گا۔ آج کا جلسہ قومی یکجہتی کا مظہر ہوگا اور مودی سرکار کو بتائے گا کہ ہم سب اکٹھے ہیں۔ آج نریندر مودی کو ایسا جواب دیا جائے گا جو نوازشریف مودی کو آج تک نہیں دے سکے۔ مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب بھی ہم نے حکومت کی کرپشن اور دھاندلی کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں تو ہمیں دہشت گردی حملوں کی دھمکی آجایاکرتی تھی اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت ڈری ہوئی ہے اورحکومت یہ تمام ہتھکنڈے عوام کو پی ٹی آئی کے جلسہ سے دور رکھنے کے لئے کرہی ہے لیکن آج پاکستان کے عوام بھرپور طریقے سے جلسے میں شرکت کریں گے۔ لوگ پاکستان کے مستقبل اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں ایک لاکھ لوگ لے کر اگر وزیرستان جاسکتا ہوں تو رائیونڈ میرے لیے کیا چیز ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں بہادر کا نام لے سکتی ہے تو نوازشریف نے کلبھوشن یادو کیوں نہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی تقریر سے یہ بات نظر آرہی تھی کہ نوازشریف پر دباؤ تھا جو ہندوستان سے بڑا پیغام آیا ہے نریندر مودی کشمیر میں اپنی جارحیت پر پردہ ڈالنے کے لئے انگلیاں اٹھارہے ہیں جس کا جواب انہیں آج کے جلسے میں مل جائے گا۔