|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2016

کوئٹہ:بلوچستان کی وکلاء تنظیموں کے رہنماؤں نے کہاہے کہ سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کے شہداء کا خون اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں پر قرض ہے ،کالاکوٹ ایک آرگنائزیشن اور ڈسپلن کانام ہے ،محرم کے بعد ملک گیر وکلاء تحریک کیلئے لاہور میں سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے نام سے وکلاء کنونشن کاانعقاد کیاجائیگا،الیکٹرونک میڈیا کاکردارقابل افسوس ومذمت ہے۔ان خیالات کااظہار بلوچستان ہائی کورٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالغنی خلجی ایڈووکیٹ ،بلوچستان بار کونسل کے سلیم لاشاری ایڈووکیٹ،بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر محمدآصف ریکی ،سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے سابق صدر وسینئر قانون دان علی احمد کرد نے جمعرات کے روز کوئٹہ میں سانحہ ہسپتال کیخلاف نکالی گئی ریلی اورمظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ریلی اورمظاہرے میں وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے پلے کارڈزاوربینرز اٹھارکھے تھے جن پر ان کے مطالبات سے متعلق مختلف نعرے درج تھے ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالغنی خلجی کاکہناتھاکہ مظاہرے میں وکلاء کی بڑی تعداد کی شرکت اس بات کاغماز ہے کہ وکلاء اپنے ساتھ ہونیوالے ظلم پر خاموش رہنے والے نہیں اورنہ ہی یہ کوئی چھوٹا مسئلہ تھا وکلاء برادری معاشرے میں لوگوں کی داد رسی کرتی ہے جس پر حملہ حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ،انہوں نے کہاکہ ایک کرکٹر کی شادی کو تو ملک بھر کی الیکٹرونک اورپرنٹ میڈیا بھرپور کوریج دیتے ہیں مگر75افراد کی شہادت کے واقعہ کو کوئی اہمیت اورکوریج نہیں دی جاتی حالانکہ ہمارے احتجاج کامقصد شہداء کے خون کیلئے جدوجہد کرناہے ،ہمارے پہلے جومطالبات تھے آج بھی وہی مطالبات ہیں انہوں نے کہا کہ جب تک 8اگست سول ہسپتال میں ہونیوالے خودکش دھماکے اوربیرسٹرامان اللہ کے قتل میں ملوث اصل ملزمان کوگرفتار نہیں کیاجاتا اس وقت تک ہمارا یہ احتجاجی تحریک جاری رہے گی، انہوں نے کہاکہ محرم کے بعد دیگر صوبوں کے وکلاء سے رابطے کئے جائینگے اور اس احتجاجی موومنٹ کے آئندہ کالائحہ عمل طے کیاجائیگا انہوں نے کہاکہ ہمارا آئین یہ کہتاہے کہ اگر کوئی حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہے تو اسے حکمرانی کرنے کاکوئی حق نہیں جبکہ یہاں آج بھی کسی بھی حکومتی عہدیدار یا کسی ادارے کے اہلکار نے استفعٰی اورنہ ہی کسی کو معطل کردیاگیا جو ایک سوالیہ نشان ہے ۔بلوچستان بار کونسل کے سلیم لاشاری نے کہاکہ سانحہ کوئٹہ کی پہلے بھی ہم نے مذمت کی ہے اورآئندہ بھی کرتے رہیں گے انہوں نے کہاکہ سانحہ کوئٹہ میں ملوث اصل ملزمان کی عدم گرفتاری تک ملک کے کونے کونے میں مظاہرے کئے جائینگے۔