|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2016

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی پاکستان کی طرف میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اوراگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو آئندہ بھی اس کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان اس مسئلے کو کسی صورت نظر انداز نہیں کر سکتا جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم ان کا جذبہ حریت کچل نہیں سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور جارحیت ناقابل قبول ہے جب کہ بھارتی جارحیت پورے خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے۔ امن کے لئے پاکستان کا عزم کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا اور عوام جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارتی فوج کا مقابلہ کرنے اوروطن کے دفاع کے لیے تیارہیں، وزیراعظم وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز ایل او سی پر شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ واضح کردوں دفاع وطن کے لئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے اور پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ملکی دفاع کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو آئندہ بھی اس کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے گا جب کہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی فورم پر بھی اٹھایا جائے گا۔