کوئٹہ:کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ بلوچستان ترقی اور امن کی طرف گامزن ہے بھٹکے ہوئے لوگ واپس آجائیں ہمارا دل بہت بڑا ہے ہم انہیں گلے سے لگائیں گے بھارتی سورماؤں کو بلوچستان کی عوام نے پاکستان زندہ باد اور نعرہ تکبیرلگاکر جواب دیدیا ہے بھارتی جنگی جنون اور سامراج نے کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔انہوں نے یہ بات جمعہ کی شب اکبر بگٹی اسٹیڈیم میں آل پاکستان بلوچستان ٹی 20ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرصوبائی وزراء سردار اسلم بزنجو ،نواب محمد خان شاہوانی ،میر سرفراز بگٹی،میر رحمت صالح بلوچ ،میر مجیب الرحمن محمد حسنی ،محمد خان لہڑی،ارکان اسمبلی حاجی اکبر آسکانی ،میر عبدالکریم نوشیروانی ،انجینئر زمرک خان اچکزئی ،منظور کاکڑ،چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ ،آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن ، آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب ،ڈی آئی جی ایف سی بلوچستان زاہد خان ،جی او سی 41ڈویژن میجر جنرل عابد لطیف ،چیف آف سٹاف سدرن کمانڈ میجر جنرل عدنان ،قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق ،سابق کوچ معین خان اور مشتاق احمد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کوئٹہ کی ورایتی رونقیں بحال ہورہی ہیں ٹی 20ٹورنامنٹ سے پورے ملک میں امن اور بھائی چارے کا پیغام جائے گا اور سب کو معلوم ہوگا کہ پاکستان کی ترقی کی راہیں بلوچستان سے ہوکر گزرتی ہیں پاکستان اور بلوچستان لازم و ملزوم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی سامراج نے مقبوضہ کشمیر میں 81دن سے کرفیو نافذ کیا ہوا ہے اور ابتک 108 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کوشہید کیا جاچکا ہے کشمیری اپنے شہداء کو پاکستان کے جھنڈے میں دفناتے ہیں اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو کچلا نہیں جاسکتا ہم ہرسطح پر کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ آئین بلوچستان کے نوجوانوں ،یونیورسٹیوں کو ترقی کرتا ہوا دیکھیں بلوچستان کے وہ لوگ جو دوسروں کی باتوں میں آکر بھٹک گئے ہیں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ واپس آجائیں ہم انہیں گلے سے لگائیں گے ہمارا دل بہت بڑا ہے بھارتی جنگی جنون پر انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنونیوں کے بارے میں کم ہی بات کرنی چاہئے نعرہ تکبیر کی آواز کوئٹہ سے دہلی تک چلی گئی ہے بھارتی سورماجو بلوچستان کے بارے میں باتیں کر رہے تھے آج عوام کا جم غفیر انہیں انکی باتوں کا جواب دے رہا ہے ۔