کوئٹہ:عوامی نیشنل پارٹی صوبائی کابینہ پارلیمانی پارٹی مرکزی عہدیداران ، ضلعی صدور ، جنرل سیکرٹری کا مشترکہ اجلاس زیرصدارت صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی ’’خان ہاؤس ‘‘پٹیل باغ میں منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال باالخصوص گوادر کاشغر اقتصادی راہداری ،مغربی روٹ پر عمل درآمد نہ کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ وفاق اور صوبے میں چار جماعتی اتحاد پر مشتمل صوبائی حکومت محکوم قومیتوں اور چھوٹی اکائیوں کے احساس محرومی و بیگانگی میں برابر کے شریک ہیں ، گوادر کاشغر مغربی روٹ میں خلل اور رد وبدل سے پشتونخوا اور بلوچستان کے غریب اور معاشی طور پر پسماندہ عوام کو مزید تاریکیوں میں دھکیلنے اور یہاں پر انتہا پسندی ، شدت پسندی کو شعوری بنیادوں پر تقویت دینے کے پا لیسیوں پر عمل پیرا ہے جس کے یقیناًآج کے ملکی سیاسی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے ۔ اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام ملک بھر میں 4 اکتوبر کو حکمرانوں کے ان پشتون بلوچ دشمن اقدامات کے خلاف بھر پور احتجاج ریکارڈ کیاجائے گا او رتمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے منعقد کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیاکہ یہ سب کچھ ایک ایسے دور حکومت میں ہورہی ہے جو صوبے میں قوم کے نام پر عوام سے رائے لے کر برسراقتدار ہیں اور آج وفاق کی اجتماعی حقوق کی پامالی پر نہ صرف خاموش ہیں بلکہ چند گروہی و خاندانی مفادات کے عوض وفاق کے نام پر پشتون بلوچ اقوام کے حقوق غضب کرنے والوں کی صف میں شامل ہیں ۔ پشتونخوا اور بلوچستان میں بدامنی کی لہر کو جواز بنا تے ہوئے سی پیک مغربی روٹ کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے تمام تر توجہ اور میگا پراجیکٹ مشرقی روٹ منتقل کیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں تمام اضلاع کو ہدایات دی گئی کہ وہ 4 اکتوبر کو بھر پور احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے قوم دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے اپنے غریب اولس کو ان اجتماعی اذہان سے باخبر کیا جائے ۔ اجلاس میں تحصیل ہرنائی کے صدر فیروز خان سے ان کے بھائی خوشحال خان ترین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار اور مرحوم کے درجات بلندی کے لئے دعا کی گئیں ۔