کوئٹہ:عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتونوں کو چاروں طرف گھیرلیا گیا ہے طویل جنگ وجدل خونریزی کے بعد اب ان کے معاشی قتل کے منصوبوں پر عمل درآمد شروع کیا گیا ہے پاک افغان بارڈر طورخم اور سپین بولدک پر تجارت کی بندش اور آمدورفت میں خلل جبکہ مشرقی بارڈر واہگہ پر تناؤ اور کشیدگی کے باوجود نہ صرف تجارتی سر گرمیاں بحال ہیں بلکہ صبح وشام بھنگڑے اور گرمجوشی جاری ہے جن پر پشتونوں کو من حیث القوم غور وفکر کر نا ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمن چیمبر آف کارمرس کے نومنتخب صدر حاجی عبداللہ، سینئر نائب صدر آدم خان، نائب صدر حاجی محمدی اور سابق سینئر نائب صدر حاجی ہاشم خان اچکزئی کے ہمراہ چمن چیمبر آف کارمرس جنرل باڈی سینئر اراکین، پا ک افغان چیمبر آف کامرس ، فیڈریشن آف پاکستان کے ذمہ داران سے خطاب کے دوران کہا اس سے پہلے اتفاق رائے سے چمن چیمبر آف کامرس کے انتخابات عمل میں لائے گئے اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ پشتون بحیثیت قوم اپنے ارد گرد رونما ہونیوالے واقعات پر نظر رکھیں اور آپ جیسے ذمہ دار لو گ جو دنیا جہاں سے معاملات ، معاشی سر گرمیاں اور تجارت کر تے ہیں آپ پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہو تی ہیں آج آپ کے کاروبار کو سمگلنگ کا نام دیکر طویل خونریزی اور دربدری کے بعد اب آپ کے معاشی قتل کے منصوبوں پر عمل درآمد ہو رہا ہے کئی مہینوں سے طور خم اور بولدک پر تجارتی سر گرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئی ہے تاجر اور غریب محنت کش فاقہ کشی پرمجبور ہو چکے ان دونوں بارڈر ز پر آمدورفت میں مشکلات اور رکاؤٹیں پیدا کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا ہے کہ مشرقی سرحد پر جنگ اور تناؤ جیسی صورتحال کے باوجود تجارتی سر گرمیاں جاری ہیں جبکہ یہاں پر سب کچھ بند کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ایک ذمہ دار قومی سیاسی جمہوری جماعت کی حیثیت آپ کو درپیش مصائب ومشکلات سے نہ صرف با خبر ہے بلکہ آپ کی مدد اور حمایت میں ہر فورم پر آواز اٹھانا قومی فریضہ سمجھتی ہے پارلیمنٹ میں ہوں یا باہر عوام میں ہم آپ کے ساتھ شانہ بشانہ ہر جدوجہد میں ساتھ ہونگے حکمرانوں اور پروردہ قوتوں کی پشتون تاجر دشمنی اور ناروا اقدامات کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے لہٰذا ہم آپ سے بھی اپیل کر تے ہیں کہ قوم اور وطن کے حقیقی محافظوں اور قیادت کا ساتھ دیں اور آپ پر روزگار کے دروازے بند کرنیوالے حکمرانوں کا کڑا احتساب کریں۔