کوئٹہ: صوبائی وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے صوبے میں 80 فیصد پشتون اور بلوچ غربت کے شکار ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان صوبے میں امن وامان کی بہتری اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں امن و سماج دشمن عناصر کیخلاف آواز اٹھانے پر وزیر اعلیٰ کے جگر گوشے کو بھی شہید کیا گیا صوبے سے دہشتگردی جیسی ناسور کے خاتمے کیلئے عوام متحد ہوچکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ ماضی میں صوبے کو امن وامان اور دہشتگردی کامسئلہ درپیش تھا آج صوبے کے عوام سکون کی زندگی بسر کررہے ہیں ہم وہ سیاسی قوت ہیں جو امن وامان کی قیام کو اپنا فرض سمجھتے ہوئے دہشتگردی بدامنی اور لاقانونیت کیخلاف جنگ کرنا اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں سماج دشمن عناصر کو صوبے میں کسی صورت نہیں چھوڑیں گے ان پر کڑی نظر اور کارروائی کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے آج صوبہ سمیت پورا ملک جنگی حالت میں ہے وطن میں جمہوریت کیخلاف سازشیں ہورہی ہے ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ہم جمہوریت کے پیروکار ہیں ہمارے قائدین پر حملے کئے گئے انہیں شہید کیا گیا مگر پھربھی جمہوریت کی بات کرتے ہیں الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کی جانب سے اسمبلی اجلاس کو کوریج نہ دینے پر وزیر اعلیٰ سختی سے نوٹس لیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات حاجی سردار غلام مصطفی خان ترین نے کہا کہ ڈسٹرکٹ میں جلد تین بڑے ڈیمز بنائے جائینگے ہر ضلع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خود نظر ہے زرعی حوالے سے پشین خشک سالی کا شکار ہے ۔ہمارا ذریعہ معاش زراعت سے وابستہ ہے زمینداروں کو مایوس نہیں کیا جائیگا بیرونی ممالک سے آنیوالی زرعی اشیاء پر ٹیکس لگائے جائیں صوبائی حکومت نے بجلی کے حوالے سے جو کوششیں کی ہیں وہ عوام کے سامنے ہیں۔صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے امن وامان کی بحالی حکومتی رٹ اور عوام کے سر ومال کے تحفظ کو ترجیح دیکر صوبے کے ہر علاقے میں امن وامان کی بہتری پر بھر پور توجہ دی ہے صوبے کے عوام خود ان حالات کو دیکھ لیں کہ چند برسوں پہلے صوبے میں کیا حالت تھی انارکی عام تھی حکومت کا کوئی تصور نہیں تھا، امن وامان کی بد ترین حالت تھی، کوئی شاہراہ محفوظ نہیں تھی موجودہ حکومت نے ہر شعبہ زندگی میں عوام کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ تمام صوبے کے عوام کو پر امن ماحول اور پر امن بلوچستان دینے کا تہیہ کر رکھا ہے ۔رکن صوبائی اسمبلی سید لیاقت آغا نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی پشین آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہر شعبہ زندگی میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے اور اب بھی ہر سطح پر زندگی کے ہر شعبے میں عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ پشین ٹو یارو ،یارو ٹو بوستان روڈوں کی تعمیر سمیت مختلف ترقیاتی کام موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسی کا نتیجہ ہیں ۔ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیاں اور اقدامات قابل تحسین ہیں تاہم ان میں مزید بہتری پیدا کرنے کی ضرورت ہے موجودہ صوبائی حکومت نے ملک میں سب سے پہلے بلدیاتی انتخابات کراکر عوام کو نچلی سطح پر مزید عوامی نمائندے منتخب کرنے کا موقع فراہم کرکے تاریخی اقدام کیا اور بلدیاتی اداروں کو ترقیاتی فنڈز فراہم کئے جو قابل تحسین اقدام ہے ۔