|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع واشک کے قریب ایرانی فورسز نے اپنی سرحدی حدود میں غلطی سے داخل ہونے والے دو پاکستانی باشندوں کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ ایرانی فورسز نے دو دیگر پاکستانی باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ واشک کی تحصیل ماشکیل کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی میں سوار چار پاکستانی باشندے رات کے اندھیرے میں غلطی سے ایرانی سرحدی حدود میں داخل ہوگئے۔ ایرانی بارڈر فورس کی چیک پوسٹ نمبر 129 اور 130 کے درمیان تعینات اہلکاروں نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد عبدالواحد ولد ولی محمد اور نذر محمد ولد جان محمد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد پرنس فہد اسپتال دالبندین منتقل کردیا گیا۔ جہاں سے ایک زخمی عبدالواحد کو مزید علاج کیلئے کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔ عبدالواحد کو دو گولیاں لگی ہیں جبکہ نذر محمد خراشیں آنے کے باعث معمولی زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار دو پاکستانی باشندوں ایرانی سیکورٹی اہلکاروں نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ حکام کے مطابق پاکستانی باشندوں کی واپسی کیلئے ایرانی سرحدی حکام کے ساتھ مذاکرات کئیجارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر واشک صلاح الدین نورزئی نے بتایا کہ متاثرہ افراد سمالانی اور یار محمد زئی اقوام کے درمیان ماشکیل کے علاقے مزا سر میں ہونیوالے جرگے میں شرکت کیلئے پنجپائی سے آئے تھے۔ جرگے میں شرکت کے بعد سمالانی قوم کے قافلے میں سے ایک گاڑی راستہ بھٹک کر ایرانی سرحدی حدود میں داخل ہوگئی۔