|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2016

کوئٹہ:ایرانی قونصل جنرل محمد رفیعی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران جیسے برادر اسلامی ممالک کی ترقی اور خوشحالی دوطرفہ تجارت میں پوشیدہ ہے ہمیں امید ہے کہ چیمبر آف کامرس کوئٹہ بلوچستان کی نئی کابینہ بھی تجارت کے فر وغ کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیمبر آف کامرس کوئٹہ بلوچستان کے نومنتخب صدر حاجی عبدالودود اچکزئی ، سینئر نائب صدر عیسیٰ خان اور نائب صدر اختر محمد کاکڑ سمیت ایگزیکٹیو کمیٹی کے نومنتخب اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا ۔ ان کے ساتھ ایرانی وفد کے دیگر اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ایرانی وفد چیمبر آف کامرس پہنچا تو نومنتخب صدر حاجی عبدالودود اچکزئی ، سینئر نائب صدر عیسیٰ خان سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں بات چیت کرتے ہوئے ایرانی قونصل جنرل محمد رفیعی نے کہا کہ پاکستان اور ایران جیسے برادر اسلامی ممالک کی ترقی اور خوشحالی دو طرفہ تجارت میں پوشیدہ ہے ۔اس سلسلے میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ہمیں امید ہے کہ موجودہ صدر اور دیگر عہدیداران دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ اور اس سے وابستہ افراد کی مشکلات کے حل کے لئے بھر پور کردار ادا کریں گے ۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی عبدالودود اچکزئی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور یقین دلایا کہ پاک ایران تجارت کے مزید فروغ کے لئے ان کی کوششیں جاری رہیں گی جب تجارت ہوگی تو دونوں ممالک سمیت خطے میں بھی معاشی خوشحالی آئے گی اس سے نہ صرف امن وامان کی صورتحال بہتر ہوگی بلکہ لوگوں کے معیار زندگی اور تجارت کے فروغ پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے ۔