کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان اسوقت بین الاقوامی سازشوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے بلوچستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کا جرات و بہادری سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،سندھ ،پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ارکان مرکزی کمیٹی ،ممبران پارلیمنٹ و صوبائی وزراء،بلوچستان کے صدر میر محمداکرم دشتی اوردیگر ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اجلاس کے آغاز میں سانحہ 8اگست کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اوران کیلئے دعا کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی صدر میرحاصل خان بزنجو نے کہا کہ بلوچستان اسوقت بین الاقوامی سازشوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے بلوچستا ن کے خلاف ہونے والی سازشوں کا جرات و بہادری کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منفی عناصر پارٹی کے خلاف متحد ہوتے جارہے ہیں ہمیں سازشوں کے مقابلے کیلئے پارٹی کے سیاسی کارکنوں کو شعوری طور پر تیار کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مضبوط سیاسی پارٹی ہی کی بنیاد پرانکا مقابلہ ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے کارکنوں کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ وہ چھوٹے چھوٹے معاملات میں الجھنے کی بجائے قومی و سیاسی معاملات وسائل اورقومی و سیاسی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے پارٹی کو ہر سطح پر فعال و منظم رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان و ملک کے مفلوک الحال عوام کی امید ہے اور ہمیں اسے فعال و متحرک کرنے کی ضرورت ہے ۔انہو ں نے پارلیمانی پارٹی پر زوردیا کہ وہ کارکنوں اور اپنے عوام سے قریبی روابط رکھیں اور کارکنوں کے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ بے روزگاری ایک بہت بڑا مسئلہ ہے پارٹی کے وزراء روزگار کی فراہمی کو اولیت دیں اور انصاف کے تقاضے پبورے کریں۔ اجلاس سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے پارٹی کے سیاسی کارکوں کو ابھی سے اپنی تیاری شروع کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ تین ماہ کے اندر گوادر ،نوشکی ،خاراک ،صحبت پور ،بولان ،نصیرآباد کا دورہ کریں گے اور پارٹی کو مزید فعال و متحرک کرنے کیلئے رابطے کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک قومی و سیاسی جماعت ہے جو بلوچستان کے عوام کے قومی سیاسی حقوق ، ساحل و وسائل کے تحفظ کیلئے بھر پورا نداز میں اپنی سیاسی جدوجہد کوآگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً بلوچ عوام کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندی ،غربت و جہالت نے بلوچستان کے عوام کو بے بس کردیا ہے ہمیں اپنے سیاسی نظریات اور قومی مفادات کیلئے کسی بھی صورت میں مصلحت پسندی کا شکارنہیں رہنا چاہئے ہماری جدوجہد عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہے اور ہمارا سیاسی موقف واضح ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ہم سے بہت سی امیدیں ہیں ہمیں بلوچستان کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے بھر پور انداز میں سیاسی سرگرمیاں اور تنظیم سازی کی ضرورت ہے ۔