کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں محرم الحرام بالخصوص عاشورہ کے جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے تاہم انہوں نے تمام سیکورٹی اداروں کو مزید مستعد ،چوکس ، متحرک اور فعال رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سیکورٹی اداروں اور انٹلیجنس ایجنسیوں کے مابین مربوط روابط اور معلومات کے تبادلے کے نظام کو بھی مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے وزیراعلیٰ نے 9ویں اور10ویں محرم کے دوران پولیس ، لیویز اور انتظامیہ کے کنٹرول رومز کو مکمل فعال رکھنے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ غیر روایتی راستوں کی نگرانی کو مزید سخت کرنے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے گشت میں اضافے ، چیکنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی پلان میں شامل تمام دیگر اقدامات پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ہم امن وامان کے حوالے سے کسی تساہل یا کوتاہی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ لہذا ہمیں ہر وقت ہوشیار رہتے ہوئے دشمن کی کسی بھی کاروائی کو بروقت ناکام بنانا ہوگا۔ عوام کی جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے اس ذمہ داری کو ہر صورت پورا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کوئٹہ اور دیگر شہروں کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی موجودگی کے ساتھ کے ساتھ ساتھ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے عوام بالخصوص تمام مکاتب فکر کے علماء کرام پر بھی زور دیا ہے کہ وہ عاشورہ محرم میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، بھائی چارہ اور مذہبی یگانگت کو برقرار رکھیں اور اس کے مزید فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔