|

وقتِ اشاعت :   October 12 – 2016

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے عاشورہ محرم کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ دسویں محرم کا دن جہاں تمام مسلمانوں کیلئے سوگوار دن ہے وہاں یہ ان کیلئے باعث فخر بھی ہے کہ پوری انسانی تاریخ سید الشہداء حضرت امام حسینؓ ان کے اہل خاندان اور رفقاء کی جانب سے دی گئی عظیم الشان قربانی کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے جنہوں نے دین مبین اسلام کی عظمت اور حق کی سربلندی کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی قائم کی ہوئی مثال سے نہ صرف سبق حاصل کریں بلکہ اس پیغام کو سمجھ کر اس پر صدق دل سے عمل کرنے کی کوشش بھی کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سب مسلمانوں کو یہ عہد کرنا چاہئے کہ وہ ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اور اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کردین مبین اسلام کے تحفظ اور عالم اسلام کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یگانگت قائم رکھیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام مکاتب فکر خصوصاً علماء کرام عاشورہ کے موقع پر امن وامان اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے یک جہتی کا مظاہرہ کریں گے،دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے 10محرم یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میدان کربلا میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ نے اپنے جان نثار ساتھیوں اور اہل بیت کے ہمراہ یزیدی لشکر کے خلاف داد شجاعت دیتے ہوئے جام شہادت نوش کرکے تا قیامت دین اسلام کو زندہ و جاوید کردیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ کربلا ہمیشہ کیلئے حق و باطل کے درمیان فرق کا ایک استعارہ بن گیا۔ جس سے ہمیں طاغوتی قوتوں کے خلاف کلمہ حق کیلئے تاقیامت رہنمائی ملتی رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماہ محرم الحرام تمام عالم اسلام کیلئے ایک مقدس مہینہ ہے اس دوران ہمیں اپنے اندر صبر و ضبط برقرار رکھتے ہوئے مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے تمام اہل وطن خصوصاً مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی تفرقہ بازی یا تلخ گوئی جس ے اتحاد بین المسلمین میں اختلاف یا دراز پیدا ہوتی ہو سے اجتناب برتنے اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے باہمی اتحاد و اتفاق کا ماحول قائم رکھنے کی اپیل کی ہے جس سے ماہ مقدس کے دوران امن وامان اور بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صورتحال بھی اس بات کی متقاضی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں۔ دشمن قوتیں اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے فرقہ واریت کی آڑ میں ہمارے درمیان نفاق پیدا کرنا چاہتی ہیں جنہیں ہم نے صبروتحمل کے ساتھ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ذریعہ ناکام بنانا ہے وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اﷲ تعالیٰ ہمارے ملک اور صوبے کی حفاظت فرمائے اور ہمیں طاغوتی قوتوں کے شر سے محفوظ رکھے۔