|

وقتِ اشاعت :   October 12 – 2016

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اب منفی سیاست کیلئے جگہ نہیں رہ گئی ہے عوام کے جذبات سے کھیل کر سیاسی عمارت بنانے کی کوشش کرنے والوں کو ناکامی کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوگانیشنل پارٹی ایک واضح سیاسی موقف کے ساتھ بلوچستان کے عوام کی قومی و سیاسی ،ثقافتی حقوق کے حصول کی جدوجہد جمہوری و سیاسی انداز سے کر رہی ہے پاک چین اقتصادی راہداری میں بلوچستان کے عوام کے حقوق کی پاسداری نیشنل پارٹی کا بنیادی مقصد ہے اقتصادی راہداری کو بعض عناصر متنازعہ بناکر سیاسی دکانداری چمکانے کی کوشش کررہے ہیں اقتصادی راہداری کی کامیابی اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہمارا نصب العین ہے ۔ترجمان نے کہا کہ گوادر بلوچستان کی شہ رگ ہے گوادر کے عوام کو اقتصادی راہداری کے ثمرات کا حصہ دار بنائے بغیر ترقی کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا گوادر میں ابھی تک بہت سارے بنیادی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مقامی لوگوں کو تحفظ حاصل ہو ریونیو میں حصہ دار ہوں کاروبار میں انکی شراکت داری اور کاروبار میں حصہ داری کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے گوادر کے عوام ابھی تک بنیادی انسانی ضرورت سے محروم ہیں ٹیکنیکل تعلیمی اداروں کے قیام کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے وسائل و ساحل کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کوئی کسر فروگذاشت نہیں کریگی نیشنل پارٹی ایک سنجیدہ سیاسی وقومی جماعت ہے جو بلوچستان کے عوام کے قومی حقوق ،سیاسی وقومی حقوق ، ساحل و و سائل کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور جدوجہد کررہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر اسکے خلاف مشترکہ محاذ قائم کرچکے ہیں جن کے سیاسی مقاصد صرف نیشنل پارٹی کی بڑھتی ہوئی سیاسی مقبولیت روکنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں پارٹی کے کارکن مخالفین کے منفی پروپیگنڈوں کو خاطر میں لائے بغیر اپنی سیاسی و قومی جدوجہد جاری رکھیں اور پارٹی کو یونٹ سطح پر منظم و فعال بنانے میں اپنا قومی و سیاسی فریضہ پورا کریں۔