|

وقتِ اشاعت :   October 14 – 2016

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی بلو چستان کے صدر سرداریارمحمدرند نے کہا ہے کہ 30اکتوبر کو ملک کے کونے کونے سے عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر موجودہ حکمرانوں کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا پی ٹی آئی بلوچستان کے تمام ڈویژنل ،ضلعی اور مقامی عہدیدار 30اکتوبر کیلئے بھر پور تیاری کریں تاکہ مجوزہ احتجاج میں بلو چستان کی بھرپور نمائندگی ثابت کردیں کہ بلوچستان کے عوام بھی کرپٹ حکمرانوں سے نجات میں قومی احتجاجی تحریک کا فعال حصہ ہیں۔ جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمرا ن خان اور پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر سرداریارمحمد رند نے طویل ملاقات کی اور 30اکتوبر کے احتجاجی پروگرام سمیت ملک بھرخصوصاً بلوچستان کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے پی ٹی آئی بلوچستان کے متحرک کردار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سرداریار محمد رندکی کارکردگی کوسراہا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان اورسرداریارمحمد رندنے کہا کہ تحریک انصاف اربوں ڈالر کی بیرون ملک منتقلی سمیت کرپشن کے تمام معاملات کی تحقیقات کرائے گی اور ایف بی آر سمیت ریاستی اداروں میں بنیادی اصلاحات کرکے انکو عوام کے سامنے جوابدہ بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے 8ارب ڈالر بیرون ملک بھیجنے والے وہی ہیں جنہوں نے 1992ء میں فارن کرنسی اکاؤنٹس سے لامحدود سرمایہ بیرون ملک بھیجنے کی اجازت دی تھی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 20سے 25لاکھ بے روزگار افراد مارکیٹ میں آرہے ہیں جبکہ 4فیصد شرح نمو کی بدولت صرف 5لاکھ افراد کیلئے روزگار کے نئے مواقع دستیاب ہیں برآمدات میں نمایاں کمی اور تجارتی خسارے کی وجہ سے پاکستان پر قرضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے موجودہ حکومت کی جانب سے کشکول کو توڑدینے کے دعوے مضحکہ خیز ہیں اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے مطابق دسمبر2015ء تک پاکستان کا کل سرمایہ کاری قرضہ 18ہزار 900ارب روپے ہوچکا ہے جس میں 12ہزار900ارب روپے اندرونی قرضہ جبکہ 57ارب امریکی ڈالر کا بیرونی قرضہ شامل ہے موجودہ حکومت نے اپنے تین سالہ دور میں مقامی قرضوں میں 3400ارب روپے اور بیرونی قرضوں میں 900ارب ڈالر کا اضافہ کیا ہے اگر یہی صورتحال رہی تو موجودہ کرپٹ حکمران ملک کے تمام قومی اداورں کو گروی رکھ دیں گے اورانکے کارندے الیکشن کمیشن ،نادرا اور دیگر اداروں پر مسلط رہے تو 2018ء کے انتخابات میں بھی دھاندلی کے ذریعے عوام پر مسلط رہنے کی کوشش کریں گے لہذآ ئندہ عام انتخابات سے قبل موجودہ کرپٹ حکمرانوں کا جانا ضروری ہے اور اب موجودہ حکمران احتساب سے راہ فرار اختیار نہیں کرسکتے 30اکتوبر کا احتجاج فیصلہ کن ثابت ہوگا۔