|

وقتِ اشاعت :   October 15 – 2016

کاکول: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکااللہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت جاری ہے، من گھڑت واقعات کے ذریعےمسئلہ کشمیرسےعالمی توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 35 ویں گریجویٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کے دوران ایڈمرل ذکااللہ نے کہا کہ آج کی تقریب پاک فوج کی شاندار روایات کی عکاس ہے، وہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان کی آرمی دنیا کی بہترین آرمی ہے، پاکستانی تاریخ سیکیورٹی فورسز کے کارناموں اور قربانیوں سے بھری ہے، موجودہ کشیدہ صورتحال میں پاس آؤٹ کیڈٹس پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے، کیڈٹس کی شاندار کارکردگی ان کے والدین اور انسٹرکٹرز کیلیے باعث فخر ہے، دوست ممالک کے کیڈٹس کی شمولیت بھی ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ نیول چیف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز موجودہ حالات کے چیلنجز سےخوش اسلوبی سے نمٹ رہی ہے،ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کاخاتمہ کریں گے، آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان قوم کے عزم کا مظہر ہے، آپریشن ضرب عضب تکمیل کے مراحل میں ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت جاری ہے، من گھڑت واقعات سےمسئلہ کشمیرسےعالمی توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی۔ اگر کسی دشمن کی جانب سے جارحیت کی کوشش کی گئی تو ملکی سالمیت اورخودمختاری کا ہرقیمت پردفاع اور پوری طاقت سے ملکی سرحدوں کی حفاظت کریں گے۔ واضح رہے کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں 26 کا تعلق سعودی عرب اور لیبیا سے ہے۔