|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2016

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلو چستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ ریکوڈک سے متعلق عوام خواہشات کے برعکس اور اپوزیشن سمیت پوری بلوچستان اسمبلی کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی بھی فیصلہ کیا گیا تواسے تسلیم نہیں کریں گے گورنر بلوچستان صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرکے ریکوڈک منصوبے سے متعلق ارکان اسمبلی کی بریفنگ کا اہتمام کریں اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں پیرس جانے والے وفد کے دورے کی تفصیلات اور ریکوڈک کے موجودہ اسٹیٹس سے متعلق ارکان اسمبلی کو آگاہ کیا جائے ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو’’این این آئی ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی سرداریارمحمد رند نے کہا کہ ریکوڈک سے بلوچستان اور پھر پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے ماضی کک بیگس اور کمیشن کے حصول کیلئے بلوچستان میں قدرتی وسائل کے ذخائر کو جس طرح مشکوک اور خفیہ معاہدوں کے ذریعے ڈیل کیا گیا اور معاہدے تشکیل دیئے گئے اور توڑے گئے اس سے حکومت بلوچستان کونہ صرف عالمی فورمز پر ہزمیت کا سامنا کرنا پڑا بلکہ صوبائی وسائل سے اربوں ڈالر کا جرمانہ اہلیان بلوچستان کے ان وسائل سے ادا کیا جانا مقصود ہوگاجو وسائل عوام کی صحت ،تعلیم ،پینے کے صاف پانی اور بنیادی ضرورت زندگی کے منصوبوں پر خرچ کرکے صوبے کی عوام کی حالت زار کو بدلا جاسکتا تھا سردار رند نے کہا کہ ریکوڈک سے متعلق آف دی ریکارڈ دورے اور ایسے معاملات کا تعین کسی بھی صورت قابل قبول نہیں جو بلوچستان کے عوام اور ارکان بلوچستان اسمبلی کو اعتماد میں لئے بغیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں جانے والے وفد کے دورہ پیرس کی تفصیلات سے متعلق ارکان بلوچستان اسمبلی ،عوام اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے ریکوڈک جہاں کے عوام کی ملکیت ہے اسے ماضی میں بھی مس ہینڈل کیا گیا اور اب بھی عوامی خواہشات اور ارکان اسمبلی کو معاملات میں بائی پاس کیا گیا تو عوامی مفادات اور وسائل کے تحفظ کیلئے جمہوری احتجاج کا راستہ اختیارکریں گے اورعوام کے حقوق کا ہرصورت دفاع کریں گے۔