|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2016

کوئٹہ:بلوچستان کے علاقے وندر سے لیاری گینگ وار کے اہم کمانڈر کو بھائی سمیت گرفتار کرلیا۔ تفصیل کے مطابق کراچی سے متصل ضلع لسبیلہ کے علاقے وندر میں ایف سی اور حساس ادارے نے لیاری گینگ وار عذیر گروپ کے اہم کمانڈر بلال عرف بھیاکی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا جس کے دوران بلال عرف بھیا اور اس کے بھائی کامران کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان سے ایک عددنائن ایم ایم پستول ، کلاشنکوف ،پستول اور 12بور رائفل کے 140عدد کارتوس، دو عدد دوربین، ایک عدد کیمرا، کلاشنکوف کے چھ خالی میگزین اور ایک عدد لینڈ کروزر گاڑی بھی برآمد کی گئی۔ ترجمان ایف سی کے مطابق بلال عرف بھیا کراچی پولیس ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان، قتل ،ا قدام قتل ، بھتہ خوری اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث تھا ۔ ملزم لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا بھی اہم رکن تھا۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے دس روز قبل بھی چھاپہ مارا گیا تھا تاہم اس میں فورسز کو کامیابی نہیں مل تھی۔ ذرائع کے مطابق ملزم کو تفتیش کیلئے کراچی منتقل کردیا گیا۔