نئی دہلی : بھارت نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان اپنی پالیسیوں کی وجہ سے تنہا ہوچکا ہے اس میں بھارت کا کوئی کردار نہیں ۔پیر کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان وکا س سوراپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی پالیسیوں کے باعث تنہا ہوچکا ہے اس میں بھارت کا کوئی کردار نہیں ہے ۔ترجمان نے کہاکہ سارک ممالک نے خود رواں سال اسلام آبادمیں ہونے والی سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہم اس طرح کے مسائل کے بارے میں بات نہیں کرتے ،اگر کوئی تنہا ہے تو یہ اس ملک کی اپنی پالیسیوں کی وجہ سے ہے ۔ بھارت کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ تمام ممالک نے سارک کے تناظر میں ایک آواز ہوکر کہا ہے کہ دہشتگردی کی فضاء میں تعمیری بات چیت نہیں ہوسکتی۔وکاس سوراپ نے کہاکہ سارک کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا پہلا فیصلہ افغانستان کی طرف سے آیا جس کے بعد نیپال اور پھر بھارت ،بھوٹان اور سری لنکان نے بھی انکار کردیا۔نیپال نے خود کہا ہے کہ اگر تمام ممالک یک زبان ہوکر کہتے ہیں کہ موجودہ ماحول میں اسلام آبادمیں سارک سربراہی کانفرنس کا انعقاد ممکن نہیں تو آپ اپنا فیصلہ خود کرسکتے ہیں۔