اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے وزیراعظم محمد نوازشریف کو مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس میں باقاعدگی کے ساتھ انتخابات کا انعقاد کیا جاتا ہے جو پارٹی کے اندر جمہوری روایات کی مضبوطی کا مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں رواداری ، تحمل ، برداشت اور بردباری کی سیاست کی نہ صرف بنیاد رکھی بلکہ اس کے فروغ میں ان کا کردار قابل تحسین ہے جس کا اعتراف ملک بھر کے عوام اور سیاسی مخالفین بھی کرتے ہیں۔ وزیراعظم کی دانشمندانہ قیادت میں ملک معاشی و اقتصادی ترقی کی منازل طے کررہا ہے اور مایوسی اور ناامیدی کے بادل چھٹ رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) صحیح معنوں میں ایک سیاسی اور جمہوری جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں اور محمد نوازشریف کی قیادت میں پوری قوم متحد ہے مسلم لیگ کی موجودہ حکومت خاص طور سے پارٹی قائد جمہوریت کے استحکام اور تحفظ کیلئے جو تاریخی کردار ادا کررہے ہیں اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا بلوچستان کی ترقی اور امن کے قیام کیلئے بھی وزیراعظم کا گرانقدر تعاون صوبائی حکومت کیلئے رہنمائی اور حوصلے کا باعث ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ وزیراعظم کی دانشمندانہ قیادت کی ایک واضح مثال ہے جو خطے کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی تکمیل سے تمام صوبوں بالخصوص بلوچستان کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) جمہوری روایات کی امین ہے جو ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے اپنا کردار موثر انداز میں ادا کررہی ہے اورمسلم لیگ کے مرکزی صدر وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں آئندہ بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار کرتی رہے گی وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کی مزید کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ کے دیگر مرکزی عہدیداروں کو بھی ان کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ مسلم لیگ کے مرکزی کونسل سیشن میں شرکت کی اور پارٹی کا صدر منتخب ہونے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی ۔دریں اثناء مسلم لیگ کے صوبائی صدر چیف آف جھالاوان وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی مسلم لیگ کی جڑیں عوام میں ہیں بلوچستان کے عوام وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پوری طرح متحد ہیں بلوچستان میں مسلم لیگ کو مزید مستحکم اور فعال بناکر آئندہ انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ بلوچستان کے معاملات صحیح سمت میں جارہے ہیں اس حوالے سے ہمیں وزیراعظم کی بھرپور رہنمائی اور معاونت حاصل ہے۔ (ن) لیگ کے اقتدار میں آتے ہی ڈگڈگی بجانے والے بھی آجاتے ہیں تاہم حکومت کو ان سے کوئی خطرہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی کونسل سیشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے بلوچستان سے آئے ممبران کے اعزاز میں اپنی جانب سے دےئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، میر عاصم کرد گیلو، صوبائی وزراء سردار سرفراز ڈومکی، میر محمد خان لہڑی، مسلم لیگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ بازئی، وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر علاؤ الدین کاکڑ، سیدال خان ناصراور ملک رفیق اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا یہ ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ ہم اس سیاسی جماعت کا حصہ ہیں جو نہ صرف پاکستان کی خالق جماعت ہے بلکہ اس ملک کی تعمیر و ترقی ، خوشحالی اور سالمیت کی بھی ضامن ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی اور عوامی مقبولیت نے مخالفین کی نیندیں حرام کررکھی ہیں چور راستوں سے اقتدار حاصل کرنے کے خواہشمند نام و نہاد سیاستدان منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے سیاسی عدم استحکام پیدا کرکے ملک کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں اور ریلیوں کے ذریعے بے چینی کی فضاء پیدا کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں تاہم چند نوجوانوں کو اکٹھا کرکے ناچ گانوں کے ذریعے نہ تو اقتدار حاصل کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی ملک کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے ۔ اسلام آباد کھلا رہے گا اور ترقی کا سفر بھی جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کارکردگی کی بنیاد پر وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میںآئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور جو دو صوبے مسلم لیگ نے مروت میں دےئے وہاں بھی ہماری حکومت ہوگی انہوں نے کہا کہ عوام نے محاذ آرائی کی سیاست کو مسترد کردیا ہے اب ملک میں دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہماری پارٹی کی متحرک، فعال اور اہل قیادت اپنی بہترین حکمت عملی اور شاندار کارکردگی کے باعث نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ انتخابات میں بھی مرکز اور صوبوں میں ہماری حکومت ہوگی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جلد صوبہ بھر میں صوبائی اور ضلعی سطح پر ورکرز کنونشن منعقد کئے جائیں گے کارکنوں کو فعال اور متحرک کرکے ان کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے اور بلوچستان کو مسلم لیگ(ن) کا قلعہ بنادیاجائے گا ۔ تقریب سے وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر نے بھی خطاب کیا اور صوبائی سطح پر پارٹی کو منظم بنانے کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا ہے ۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پارٹی ورکرز اور عہدیدار بلوچستان میں مسلم لیگ کی مقبولیت میں اضافے کیلئے بھرپور محنت کریں گے ۔