کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدرو سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ وہ سیاسی جماعتیں جو نواز شریف کو کرپٹ کہتی ہیں وہ احتجاج میں ہمارا ساتھ دیں نواز شریف پانامہ لیکس پر ٹی او آرز تسلیم کرکے احتساب کیلئے پیش ہو جائیں جن ممبران پر پانامہ لیکس کا الزام نہیں ان میں سے کسی کو وزیراعظم منتخب کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں، 2نومبر کو اسلام آباد میں دھرنا نہیں فائنل ہوگا حکومت نے ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی تو ہر گلی سے احتجاج شروع ہوگا ۔یہ بات انہوں نے پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں صوبائی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی‘ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی سنےئر نائب صدر میر اسماعیل لہڑی‘صوبائی جوائنٹ سیکرٹری نورالدین کاکڑ‘سردار زین العابدین خلجی ‘نصیب اللہ بیٹنی، نوابزازہ امین اللہ رئیسانی ‘چوہدری شبیر ‘خواتین ونگ کے رہنماء سکینہ عبداللہ خان بھی موجود تھے‘ انہوں نے کہاکہ آج ہماری پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں دیگر امور کے علاوہ 2نومبر کو اسلام آباد میں پارٹی کے زیر اہتمام دھرنے میں شرکت کرنے کیلئے تبادلہ خیال کیاگیا اور یہ فیصلہ کیاگیا کہ بلوچستان سے 100فیصد کارکن دھرنے میں شرکت کرینگے انہوں نے کہاکہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت اس وقت ملک 22ہزار ارب روپے کا مقروض ہو چکا ہے اور پاکستان کا ہر بچہ اس وقت ایک لاکھ روپے قرض دار ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے استحکام اور برابری کیلئے وہ پاکستان چاہتے ہیں جو قائد اعظم محمد علی جناح نے بنایا ہے انہوں نے کہاکہ پارٹی کے سربراہ عمران خان ساڑھے تین سال سے احتساب کیلئے میدان میں ہیں اور اس سلسلے میں ہم نے عدالت اور ہر ادارے کا دروازہ کھٹکھٹایااور یہ موقف اختیار کیا کہ حکومت نے جو ریکارڈ دھاندلی کی ہے اس پر چار حلقوں کے نتائج کی گنتی کیا جائے توپتہ چل جائیگا کہ موجودہ حکومت نے ریکارڈ دھاندلی کی ہے لیکن حکومت نے ہماراساتھ نہیں دیا اور ہم مجبور ہو کر سڑکوں پر آئے ہیں انہوں نے کہاکہ آج بھی ہم حکومت کو یہ پیشکش کرتے ہیں کہ اپوزیشن نے جو ٹی اوآرز بنائے ہیں ان پر عمل کریں انہوں نے کہاکہ اس وقت حکومت کاموٹوگینگ موجود سیاستدانوں سے لیکر میڈیاہاؤسز کو خرید رہا ہے لیکن ہمیں اس چیز پر خوشی ہے کہ حکومت کے اس ناروا عمل کے باوجود آج بھی ملک میں باضمیر میڈیا موجود ہے جو حکومت کی بدعنوانی کو عوام کے سامنے لارہی ہے انہوں نے کہاکہ یہ فخر کی بات ہے کہ بلوچستان سمیت پورے ملک سے کارکن اپنے خرچے پر اسلام آباد جا کر دھرنے میں شرکت کرینگے اس سلسلے میں ہم تمام سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اگر موجودہ وزیراعظم کو کرپٹ سمجھتے ہیں تو ہمارے اس تحریک میں ساتھ دیں انہوں نے کہاکہ اس دفعہ 2نومبر کو اسلام آباد میں جو دھرنا ہے وہ فائنل ہوگا جب تک وزیراعظم اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کر کے استعفیٰ نہیں دینگے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں اگر گرفتاریوں کا وقت آیا تو بلوچستان سے سب سے پہلے میں گرفتاری دونگا اور ساتھ ہی پورے بلوچستان کو بند کرنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا،اورصوبائی حکومت مفلوج ہوجائیگی ، تخت لاہور کی غلام حکومت میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ ہمیں روک سکیں۔ ملک کی 20کروڑ عوام کو غلام بنانے کی سازش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گامفاد پرست حکمران ملک دشمن قوتوں کے ساتھ ملکر ملک کے دفاع کرنے والے اداروں کو بد نام کرنے میں لگے ہوئے ہیں مودی کے یار یہ سن لیں کہ ہم انہیں ان کی سازشوں میں کامیاب نہیں ہونے دینگے ، سردار یار محمد رند نے کہاکہ عوام جن کو کو منتخب کرتی ہے حکمران ان کا مینڈیٹ دھاندلی کے ذریعے چھین لیتے ہیں ۔