انقرہ: او آئی سی رکن ممالک نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انقرہ میں او آئی سی پارلیمانی فورم کا اجلاس میں ہوا جس میں پاکستان کی نمائندگی اسپیکر ایاز صادق نے کی جب کہ اجلاس میں او آئی سی رکن ممالک نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدیدمذمت کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے، جموں کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے جب کہ کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مستقبل کے فیصلے کا حق دیا جائے۔
اس موقع پراسپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کو پیلٹ گن سے نشانہ بنا رہا ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کےلیے پورے خطے کی سلامتی خطرے میں ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے تحت معصوم کشمیریوں کا نشانہ بنا رہا ہے جب کہ عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت نہیں کی۔