کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں غیر معیاری اور جعلی ادویات کے کاروبار اور عطائی ڈاکٹروں کی پریکٹس کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت ، تمام ڈویژنل اور ڈپٹی کمشنروں کو انکے خلاف فوری طورپر کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ جعلی ادویات کے خلاف کاروائی ہماری آئینی ، قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ناجائز منافع کے حصول کے لیے جعلی ادویات کے کاروبار کے ذریعے معصوم انسانی جانوں سے کھیلے یا جعلی ڈگریوں کے حامل عطائی ڈاکٹرز عوام کو لوٹیں اور ان کا غلط علاج کریں۔ یہ معاشرے کے ناسور ہیں جن کا ہر صورت قلع قمع کیا جائیگا، وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے جعلی ادویات اور کلینکس کے خلاف جاری کاروائی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اسے مزید موثر بنایا جائے تاکہ غیر قانونی دھندے میں ملوث کوئی بھی بے ضمیر شخص قانون کے شکنجے سے بچ نہ پائے، انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے جسے ہر صورت نبھایا جائیگا اور وہ خود اس مہم کی نگرانی کریں گے ، وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر ،عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی کینکس کے خلاف کی جانے والے کاروائیوں کی رپورٹ انہیں پیش کی جائے۔