کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ حکومت صوبے سے پسماندگی کے خاتمے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے، صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ چیئرمین آواران میر نصیر بزنجو اور چیئرمین میونسپل کمیٹی آواران میر رازق میروانی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے سابق اسپیکر بلوچستان ایم پی اے میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بدھ کے روز ملاقات کی۔ رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبہ بھر بلخصوص پسماندہ علاقوں میں تعلیم ، صحت اور فراہمی آب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیر اعلیٰ ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ ہر ضلع کو 20 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ محکمہ تعلیم کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ بچیوں کی تعلیم اور ان کے سکولوں میں داخلے کے حوالے سے خصوصی مہم چلائی جائے، جس سے تعلیمی شرح میں نمایاں بہتری آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور ڈاکٹروں کی غیر حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اورخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زراعت صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس شعبہ کی ترقی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے موثر اقدات کیے جارہے ہیں، زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی سے زراعت کے شعبہ میں ترقی آئیگی اور زرعی پیداوار میں اضافہ بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے فراہمی آب کا مسئلہ حل ہو جائیگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کر رہی ہے اس حوالے سے بلدیاتی اداروں کے بجٹ کو پانچ ارب روپے سے بڑھا کر 12ارب روپے کر دیا گیا ہے، جس سے عوام کے مسائل کو بروقت حل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین آواران نے وزیر اعلیٰ کو ضلع کے دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں دو BHUموجود ہیں تاہم ان میں اسٹاف نہ ہونے کی وجہ سے وہ غیر فعال ہیں جبکہ انہوں نے آواران کے جرنیٹر کے لئے تیل کی فراہمی کیلئے گرانٹ کی درخواست کی۔ وزیر اعلیٰ نے ڈسٹر کٹ چیئرمین آواران کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر وفد نے انکے مسائل توجہ اور ہمدردی سے سننے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔