کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع سبی میں بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق ضلع سبی کے نواحی علاقے بابر کچھ میں بدرا کے مقام پر سبی جانے والی ڈبل کیبن مسافر پک اپ گاڑی نامعلوم افراد کی جانب سے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پر چڑھ گئی جس سے زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے میں گاڑی تباہ ہوگئی جبکہ اس میں سوار دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ سبی منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت ملک ظہیر ولد لشکر خان اور مصری داد ولد فاضل داد کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں صاحب داد ولد کریم داد ، شیر بی بی زوجہ صاحب داد ، جان بی بی دختر محمد عمر ، رضیہ دختر باران اور بلال ولد غلام محمد شامل ہیں۔