|

وقتِ اشاعت :   October 24 – 2016

خضدار: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی نائب امیرایم این اے مولانا قمرالدین جے یوآئی کے صوبائی امیر وسابق صوبائی وزیر مولانا فیض محمد جے یوآئی کے مرکزی کونسل کے رکن میر یونس عزیز زہری جے یوآئی کے رہنماء علامہ مولانامحمود غزنوی نے کہاہے کہ موجودہ حالات میں ملک کسی بھی ہنگامہ اور دنگا مشتی کامتحمل نہیں ہوسکتا ہے سیاسی جماعتوں کو محاذ آرائی کے بجائے جمہوری سیاست کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔ افراتفری اور محاذآرائی سے ملک و قوم کانقصان ہوگا اور فائدہ کچھ بھی نہیں ملیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ صدیق اکبر خضدار کے مدیر مولانا محمود غزنوی و اس کے رفقاء کی جے یوآئی میں شمولیت کے بعد جامعہ صدیق اکبر خضدار میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یوآئی کے دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ اس سے قبل جے یوآئی کے رہنماء جامعہ صدیق اکبر خضدار کے مدیر مولانا محمود غزنوی نے جے یوآئی کے مرکزی وصوبائی رہنماؤں کا استقبال کیا ۔ جے یوآئی کے مرکزی نائب امیر ایم این اے مولانا قمرالدین نے کہاکہ موجود ہ دور وفاق کو مضبوط بنانا اور دوسری دوست ممالک سے تعلقات استوار کرانا اور اپنے دشمنوں کی سازشوں سے نمٹنے اور دفاع کی حکمت عملی مرتب کرنے کا وقت ہے تاہم چند ایک جماعتیں ملک و قوم کی موجودہ حالات سے بے فکر ہو کر تشدد اور محاذ آرائی کے طریقہ کار کو اپنا ملک میں نہ صرف معاشی لحاظ سے نقصان پہنچانے بلکہ ملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں ۔جس کے اچھے اثرات نمودار نہیں ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ جے یوآئی نے ہمیشہ تحمل مزاجی اور جمہوری طریقہ کار کو اپنا کر ملک و قوم کی رہنمائی کی اور دوسری جماعتوں کو بھی اس کی تلقین کرتی رہی ہے۔ اور اپنی اس حکمت عملی کو جے یوآئی آئندہ بھی اسی طرح آگے بڑھاتی رہیگی ۔ انہوں نے علامہ محمود غزنوی و ان کے رفقاء کو جے یوآئی میں شمولیت پر مبارک باد دی ۔ انہوں نے کہاکہ ایک عالم دین و سیاسی رہنماء کی جے یوآئی میں شمولیت سے پارٹی خضدار میں مذید مضبوط و مستحکم ہوگی ۔جے یوآئی کے صوبائی امیر مولانا فیض محمد نے کہاکہ جے یوآئی بلوچستان میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے بلدیاتی انتخابات میں جے یوآئی نے پورے بلوچستان میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی اور آئندہ قومی انتخابات میں بھی جے یوآئی واضح اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی عوام کی نظریں جے یوآئی اور اس کی قیادت پر لگی ہوئی مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی جے یوآئی میں شمولیت علمائے حق پر اعتماد کا اظہار ہے ۔ انہوں نے مدرسہ جامعہ صدیق اکبر کے مدیر مولانا محمود غزنوی کو جے یوآئی میں شمولیت پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ جے یوآئی مذید مستحکم اور فعال ہوگی ۔جے یوآئی کے مرکزی کونسل کے رکن میر یونس عزیززہری نے کہاکہ مولانا محمو دغزنوی کی جے یوآئی میں شمولیت سے پارٹی مذید مضبوط ہوگی ۔ جے یوآئی نے بلوچستان میں اپنے قدم جما لیا ہے خضدار میں امن کانفرنس کی تاریخی کامیابی نے ثابت کردیا کہ جے یوآئی نہ صرف جھالاوان بلکہ پورے بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے ۔ بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو اسٹیڈیم جے یوآئی کے کارکنوں اور بہی خواہوں سے بھر گیا بلکہ عوام کی ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمند ر سڑکوں پر موجود رہ کر جلسہ کا حصہ بنا رہا ۔ جے یوآئی آئندہ بھی سیاسی انداز میں اپنا کردار ادا کرتی رہیگی انہوں نے مولانا محمو د غزنوی اور ان کے رفقاء کو جے یوآئی میں شمولیت پر مبارک باد پیش کی ۔۔