کوئٹہ :عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ محب وطن ، جمہوری ، سیاسی قوتوں کو ایک بار پھر بالادست استحصالی قوتوں کے خلاف متفق و متحد ہو کر اپنے حقوق کے لئے لڑنا ہوگا ، ملک میں عملاً آج ون یونٹ نافذ ہے ، پشتونخوا ، فاٹا اور بلوچستان کے عوام کو سی پیک کے ثمرات سے محروم رکھ کر ایک صوبے کے مفادات کو مد نظر رکھا گیا لیکن اس کو پھر بھی پاک چائنا اکنامک کوریڈور کا نام دینا لولی پاپ ہے ، اگر پشتون ، بلوچ ، سندھی ، آبادکار مترقی جمہوریت پسند قوتیں مشترکہ جدوجہد نہ اپناسکیں تو مزید محرومیوں کا شکار ہوجائیں گے ، ملک امان اللہ کاسی جیسے دیانتدار ، مخلص ، وطن پرست سیاسی رہنماء نے جن مقاصد کے لئے اپنی زندگی وقف کی وہ آج کے نوجوانوں پر قرض ہے ۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنماء ڈاکٹر عنایت اللہ خان ، صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی ، نظام الدین کاکڑ ، افغان کونسل جنرل وحید اللہ ، ارباب غلام ایڈووکیٹ ، خدائی خدمتگار ڈاکٹر محمد یوسف ، ڈاکٹر سلیم خان ، مہیم خان بلوچ ، شمس ایڈووکیٹ ، اعجاز احمد پار ہوتی ،اور ملک عنایت کاسی نے پارٹی رہنماء ملک امان اللہ خان کاسی کی دوسری برسی کی مناسبت سے چشمہ اچوزئی میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔ا س موقع پر عنایت اللہ کاسی ایڈووکیٹ نے عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی ، ضلع قلعہ سیف اللہ صدر ہدایت اللہ کاکڑ ، رشید خان ناصر ، عبدالجبار کاکڑ ، عبدالقیوم کاکڑ ، مراد خان ، فیض الحق کاکڑ ، غنی درانی ، ملک افضل آکا ، اور رفیع اللہ کاکڑ نے مسلم باغ میں شمولیت اختیار کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26 اکتوبر کا جلسہ عام چھوٹی قومیتوں کے حقوق ، انتہاء پسندی ، رجعت پسندی کے خلاف سنگ میل اور شہداء 8 اگست کے انسانیت سوز واقعہ اور اس کے صوبے کے سیاسی ، معاشرتی صورتحال ، وسائل پر واک و اختیار اور احساس محرومی کے کاتمے اور اپنے وطن کی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر ملک محمد افضل نے اپنے خاندان 50 افراد اور نصیر احمد کی قیادت میں احسان اللہ ، عصمت اللہ ، محی الدین ، عبدالرشید ، نجیب الدین ، سلیمان شاہ ، سراج ، سلیمان اور حکمت اللہ اچکزئی ، لعل محمد حمیدزئی ، کریم مہترزئی ، سید احمد ، محمد حنیف اور شائستہ سمیت 30 افراد نے قوم پرست جماعت سے مستعفی ہو کر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ مقررین نے نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئندہ ہے کہ پشتون بحیثیت قوم آئے روز فکر باچاخان سے اپنا ناطہ جوڑ رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب عوامی نیشنل پارٹی پشتونخوا وطن کے باقعی ماندہ قومی سیاسی معاشی حقوق کے حصول کو ممکن کر دکھائی گی ۔