اسلام آباد: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مولانا مسعود اظہر سمیت ساڑھے4 ہزار مشتبہ افراد کے 35 کروڑ روپے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردئیے۔ آن لائن سے بات کرتے ہوئے ترجمان سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان نے نیکٹاکی ہدایت پر تقریبا 4سے ساڑھے چار ہزارمشتبہ لوگوں کے بینک اکاونٹس منجمد کردیے ہیں جن میں 35 کروڑ روپے سے زائد رقم موجود تھی ذرائع کے مطابق منجمد کیے گئے اکاونٹس میں مولانا مسعود اظہر سمیت متعدد کالعدم تنظیموں کے اکاونٹس بھی شامل ہیں ذرائع نے مزید بتایا کہ نیکٹا نے فورتھ شیڈول میں شامل 5 ہزار 500 لوگوں کی معلومات سٹیٹ بینک اور نادرا کے ساتھ شیئر کی تھیں جن میں کالعدم تنظیم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کا نام بھی شامل ہے۔ جن افراد کے اکاونٹس منجمد کیے گئے ان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل ہیں ترجمان کے مطابق اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے ستمبر میں ایک پریس ریلز جاری کی تھی جس میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے بنک اکاونٹس منجمد کرنے کے متعلق بتایا گیا تھا۔