کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر صوبے میں پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ، جبکہ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جلد بلوچستان کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرنے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ صوبائی وزراء سردار محمد اسلم بزنجو، میر مجیب الرحمان محمد حسنی، عبیداللہ جان بابت، سردار در محمد ناصر، رکن صوبائی اسمبلی حاجی اسلام بلوچ، میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان اور سیکریٹری صحت نور الحق بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ صوبے سے پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمہ کے لیے حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، اس حوالے سے والدین، علماء کرام ، سیاسی و قبائلی عمائدین کو پولیو مہم کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ جلد از جلد بلوچستان کو پولیو سے پاک صوبہ بنانے کا ہدف حاصل ہو سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی پولیو ڈے کے حوالے سے شروع ہونے والی پولیو مہم نہایت اہمیت کی حامل ہے جس کی کامیابی کے لیے رضاکاروں ، انتظامیہ اور محکمہ صحت کے اہلکاروں کو زیادہ محنت اور لگن سے کام کرنا ہوگا اور صوبے کے ہر علاقے تک رسائی کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جائیں، انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی نشوو نما اور صحت کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے ، وزیراعلیٰ نے خاص طور سے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں اس موذی سے مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔