|

وقتِ اشاعت :   October 29 – 2016

کوئٹہ: پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر سرداریار محمد رند کی کال پر اسلام آباد میں پارٹی کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں کوئٹہ میں پی ٹی آئی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر محمد اسماعیل لہڑی کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی ئی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر محمد اسماعیل لہڑی،سردار خادم حسین وردگ ،نوابزادہ امین اللہ رئیسانی ،بسم اللہ آغا ،عبدالغفار کاکڑ، نوابزادہ شریف جوگیزئی ، نورالدین کاکڑ، ملک ذکریا کاسی ، سردارزین العابدین خلجی ،چوہدری شبیر احمد،ملک فیصل دہوار ، ڈاکٹر منیر بلوچ ،سیکنہ عبداللہ خان ،ندیم آفریدی ،جلیل محمدانی اور شمس الرحمن رند ایڈووکیٹ نے کہا کہ نواز شریف کے دن گنے جاچکے ہیں حکومت نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاون کرکے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماری ہے اور حکومت نے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر پی ٹی آئی کو آئینی ،جمہوری حق سے دستبردار ہونے کیلئے گرفتاریوں اور تشدد جیسے بھونڈے ہتھکنڈ ے استعمال کئے تاہم پی ٹی آئی کے کارکن پہلی سے زیادہ متحرک اور پرعزم ہوکرپانامہ لیکس کے چوروں کے محاسبہ کیلئے دو نومبر کو ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں اور ہمارے ٹائیگرز گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اثاثوں سے متعلق جھوٹ پر جھوٹ بولا اور آئینی ،اخلاقی طور پر اب ایسے فرد کو وزیراعظم رہنے کا کوئی حق نہیں جو آئینی تقاضوں پر پورا نہ اترتا ہو انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پانامہ لیکس کے نامزد ملزمان کے احتساب کے مطالبے سے قطعی دستبردار نہیں ہوگی نواز شریف اپنے اثاثوں سے متعلق قوم کو گمراہ کرتے رہے ہیں اوراس متعلق جوابدہی سے دانستہ طور پرراہ فرار اختیار کر رہے ہیں پی ٹی آئی جمہوری اداروں کا استحکام چاہتی ہے تاہم جمہوریت کی چھتری تلے چھپے چوروں کو بے نقاب کرنا ہماری اخلاقی و معاشرتی ذمہ داری ہے پانامہ لیکس پر چور ایک دوسرے کے پیچھے چھپ رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی ہر طرح کی مصلحت سی بالاتر ہوکرقوم کو چوروں سے نجات دلانے کیلئے میدان عمل میں اتری ہے اور کرپٹ عناصر کو انکے منطقی انجام تک پہنچاکرہی دم لیں گے اب نواز شریف کے دن گنے جاچکے ہیں اور پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاون نواز شریف کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا نواز شریف نے ہمیشہ اپنے اقتدار کو بچانے کیلئے دوسروں کے کاندھے استعمال کئے تاہم اب انہیں کوئی کاندھا دینے کو تیار نہیں۔ مقررین نے کہا کہ پی ٹی آئی بلوچستان کے کارکن پہلے سے زیادہ جوش و خروش کے ساتھ دو نومبر کو اسلام آباد کے لاک ڈاؤن میں بھر پور شرکت کرکے ثابت کریں گے کہ بلوچستان کے عوام تبدیلی کے عمل میں برابر کے شریک ہیں سرداریار محمد رند کی کا پر کچھی ، نصیرآباد، جعفرآباد، نوشکی ، ڈھاڈر، شوران ،لورالائی ،قلعہ سیف اللہ ، سبی ،ہرنائی ،چمن ،ڈیرہ مراد جمالی ،چاگی اوردیگر علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔