کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ایک مخصوص گروہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں پیدا کی گئی امن و امان کی صورتحال پر گہری تشویش اور غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پیر کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں و زیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کی منتخب کردہ حکومت موجود ہے جسے پورے ملک کے عوام کی بھاری اکثریت حاصل ہے لیکن عمران خان کی ناتجربہ کار قیادت میں تحریک انصاف نے اپنی مرضی کے مطابق حکومت گرانے کیلئے لا قانونیت اور غیر جمہوری رویہ اختیار کیا ہے جس کے نتیجے میں قومی سیاست میں محاذ آرائی اور نراجیت کی کیفیت اور جمہوری نظام کیلئے خطرہ پیدا ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور خاص طور سے جمہوریت پر یقین رکھنے والے عناصر سخت تشویش اور پریشانی میں مبتلا ہیں انہوں نے اسلام آباد کو بند کرنے کے اعلان کو قطعی غیر جمہوری اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ جمہوری اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے عوام کے مینڈیٹ کے مطابق محمد نواز شریف کو حکومت خوش اسلوبی سے چلانے دیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو احتجاج کے جمہوری حق کے استعمال کے نام پر لاقانونیت و انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وزیراعظم نے اکثریتی عوام کی حمایت رکھنے کے باوجود جس تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کی جماعتوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ نواز شریف کے تحمل سے سبق حاصل کریں اور غیر ضروری محاذ آرائی کو ہوا دینا بند کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت طویل جدوجہد اور سیاسی کارکنوں کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے اور مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کے مینڈیٹ کے مطابق جمہوری نظام کو برقرار رکھنے اور اسے مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہے لیکن افسوس کہ بعض عناصر کو جمہوری نظام راس نہیں آتا اور وہ ہر تھوڑے دن بعد جمہوریت کے خلاف سازشیں شروع کردیتے ہیں۔ نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ محمد نواز شریف نہ صرف عوام کے منتخب وزیراعظم ہیں بلکہ بلوچستان سمیت تمام صوبوں کے عوام جمہوریت کے تحفظ کی لڑائی میں ان کی پشت پر ہیں اور اگر تحریک انصاف کے قائدین نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو عوام ان کے خلاف سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوجائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی نا انصافی اور ترقی مخالف پالیسیاں ملک کی ترقی کیلئے زہر قاتل اور ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے کے مترادف ہیں جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی عوام کو نابالغ سیاسی جماعت کے رحم و کرم پر چھوڑا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی طرح پاکستان کے باشعور عوام بھی جمہوری نظام کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔