|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2016

راولپنڈی: راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حق میں ایک بار پھر سے بینرز آویزاں کردیئے گئے۔ راولپنڈی میں ایک مقامی شہری شیخ امجد علی کی جانب سے راجہ بازار اور مختلف شاہراہوں پر سربراہ پاک فوج کے حق میں بینرز لگائے گئے ہیں جن میں آ رمی چیف جنرل راحیل  شریف سے 2018 کے انتخابات میں حصہ لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔بینرز میں حکومت اور اپوزیشن سے آئین میں ترمیم کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد 2 سال تک سیاست میں حصلہ لینے کی پابندی کو کم کرتے ہوئے ایک سال کیا جائے تاکہ جنرل راحیل شریف فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد 2018 کے عام انتخابات میں حصہ لے سکیں۔ اس کے علاوہ بینرز میں اس امید کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ جنرل راحیل شریف 2018 میں ملک کے وزیراعظم منتخب ہو کر سول و عسکری قیادت میں ہم آہنگی پیدا کریں گے جس سے ملک میں بہترین حکومت قائم ہوگی اور ملک تیزی سے ترقی کرے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی چئیرمین موو آن پارٹی پاکستان کی جانب سے ملک کے بڑے شہروں میں آرمی چیف سے متعلق پوسٹر آویزاں کیے گئے تھے جن پر سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا تھا۔ مختلف شہروں میں چئیرمین موو آن کے خلاف ملک میں انتشار پھیلانے اور بد امنی پیدا کرنے پر شہریوں کی جانب سے مقدمات کے اندارج کے لیے درخواستیں دی گئی تھیں جس کے بعد انہیں اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔