|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2016

کوئٹہ : عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوں نے کہاکہ بلوچ گوادر اور پشتون سی پیک جیسے منصوبوں سے محروم کردیئے گئے ، ون یونٹ عملی طور پر نافذ العمل ہے چھوٹی قومیتوں کو نیپ طرز کی جدوجہد کرکے استحصالی قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا ، جو حکمران عوام کو جان و مال کی تحفظ فراہم نہیں کرسکتے انہیں حکمرانی کرنے کا کوئی حق نہیں ، چمن میں پکڑے گئے ملزم نے 17 قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے مگر اب انہیں چھوڑانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ، شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت جانے والی راستوں کو بند کرکے یہ ثابت کردیا کہ اسلام آباد نواز شریف کا ہے ، سانحہ 8 اگست کی تحقیقات کے لئے جو کمیشن بنایا گیا ہے انہی سے ہی پی ٹی سی حملے کی تحقیقات کرائی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر عنایت اللہ خان، صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی ، حاجی نظام الدین کاکڑ، عبدالمالک پانیزئی، ارباب عمر فاروق کاسی، ملک ابراہیم کاسی اورصوبائی ترجمان مابت کاکا نے عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب میں سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے شہداء کے لئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ صرف تعزیتی نہیں بلکہ تعزیتی و مذمتی ریفرنس ہونا چاہیے تھا ۔ شہید کیڈٹس کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور حکومت کی جانب سے ایک بھی سنجیدہ اقدام نہ اٹھانے کی مذمت کرتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ 8 اگست کی تحقیقات کے لئے کمیشن تو بنایا گیا ہے مگر وہ تحقیقات صرف ہسپتال میں سہولیات کی کمی اور ڈاکٹروں کی غیرحاضری تک محدود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ زخمیوں کو ابھی تک بہتر علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہے جس کا واضح مثال ایک بلوچ نواب کی جانب سے اپنی جیب سے زخمیوں کو کراچی منتقل کرنا ہے جوباعث افسوس و شرمندگی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ روز اول سے ہم ایسے ہی چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں ۔ 70 سال سے ہر قسم کی سیاسی و جمہوری جدوجہد کرتے ہوئے ہر آمر کا ڈٹ کر سامنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش نے قربانیاں دے کر جان چھڑائی مگر ہم آج بھی ان مشکلات سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی تمام پارٹیوں کو متحد کر استحصالی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچوں کو گوادر اور پشتونوں کو سی پیک منصوبے سے محروم کردیا گیا ہے ۔ ون یونٹ عملاً قائم ہے چھوٹی قومیتوں کو نیپ طرز کی جدوجہد کرنا ناگزیر ہے اور آج 70 سال پہلے کی طرز کی جدوجہد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج آئین کے ہوتے ہوئے بھی محکوم و چھوٹی قومیتوں کا استحصال جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے سی پیک منصوبے پر عمل درآمد نہ کرنے اور حقوق کے لئے جدوجہد کا اعلان کیا ہے ہمیں چاہیے کہ ہم بھی حقوق کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے ان کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے باقی صوبوں کی سرحدوں کو بند کرکے یہ ثابت کردیا کہ وفاقی دارالحکومت نواز شریف کی ملکیت اور ہے شہباز شریف وہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں دیتے۔