|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2016

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جھوٹے الزامات لگانے والوں کو عدالت میں شرمندگی اٹھانا پڑے گی۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم خود کو احتساب کے لیے پیش کر چکے ہیں، وزیراعظم نےکہا ہے کہ اس معاملے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات ہوں، مریم نواز باقاعدگی سے ٹیکس دیتی ہیں ، وہ لوگ جن کی سیاست جھوت پر مبنی ہے اور وہ عدالت اور تحقیقاتی کمیشن سے بھاگ رہے تھے، انہیں پتہ چل جانا چاہیے کہ کنٹینر اور عدالت میں بہت فرق ہوتا ہے۔ عدالت دھمکیوں پر نہیں ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلہ دیتی ہے اور تحریک انصاف ہمیشہ ثبوت لانےمیں ناکام رہی ہے، جھوٹے الزامات لگانے والوں کی عدالت میں بھی شرمندگی اٹھانا پڑے گی۔ وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حسن نواز، حسین نواز اور مریم نواز نے اپنے جوابات جمع کرادیئےہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ عوامی عدالت میں مقابلہ نہ کرسکنے والے مائنس نواز شریف چاہتے ہیں، پہلے نواز شریف کو ایٹمی دھماکوں کی سزادی گئی، اب انہیں سی پیک کی سزا دی جارہی ہے، پہلے نواز شریف کو جلا وطن کیا گیا لیکن ہم عوام کی عدالت میں سرخرو ہوئے۔ پھر پاکستان میں فساد اور انتشار پھیلا کر نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش کی گئی، اب وہ تمام ہارے ہوئے لوگ عدالت میں مائنس ون کی کوششیں کررہے ہیں۔ تحریک انصاف سڑکوں پر عدالتیں لگانے کی شوقین ہے، عمران خان کو مان لینا چاہیے کہ اب فیصلے سڑکوں پر نہیں ہوگے۔ تحریک انصاف کو عوامی عدالت میں شکست دی ہے اور اب عدالتی جنگ میں بھی ہرائیں گے۔