خاران : وزیر سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے اس سلسلے میں وزیراعظم میاں محمد نوازشریف بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاران کے دورے کے موقع پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے خاران ٹو یک مچ روڈ ، بڈو پل ، مرکزی عید گاہ ، سولر واٹر سپلائی منصوبوں کے علاوہ گرڈ اسٹیشن میں نئے محمد خان فیڈر کے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل( ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ بجلی کی فیڈر کی منصوبے کی تکمیل پر دو کروڑ لاگت آئی جس سے پانچ سو زمینداروں سمیت ہزاروں گھریلو صارفین کو بجلی کی سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خاران واشک اور پنجگور میں کروڑوں روپوں کی لاگت سے مختلف ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد ہورہا ہے جس سے عوام کو ان کی دہلیز پر زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ انتخاب میں شہر اور دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے تیزی سے کام جاری ہے اور وزیراعظم محمدنوازشریف کے تعاون سے میرے حلقہ انتخاب میں عوام کی ترقی وخو شحالی کے لئے مختلف منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین دھرنوں اور سڑکوں پر آنے کی بجائے انتخابات کا انتظار کریں۔ ہم نے انتخابات کے دوران اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں سے جو وعدے کئے تھے ان کو پورا کررہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم محمدنواز شریف کا وژن عوا م کی ترقی ہے ۔