حب: درگاہ شاہ نورانی میں دھماکے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 30 افراد کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب میں واقع درگاہ شاہ نورانی میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر متعدد افراد جاں بحق و زخمی ہوگئے ہیں۔ نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق درگاہ شاہ نورانی میں سالانہ میلہ جاری تھا کہ اس دوران مزار کے احاطے میں دھمال کے دوران دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق و زخمی ہوگئے، دھماکے کے فوری بعد ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور زخمی و جاں بحق ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایدھی رضا کاروں نے دھماکے میں 30 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
نمائندہ کے مطابق دھماکے کے بعد مزار میں افراتفری مچ گئی اور بھگدڑسے بھی کئی افراد زخمی ہوگئے جب کہ دھماکے کے فوری بعد حب کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور دیگر شہروں سے بھی ایمبولینسز کو طلب کیا گیا ہے۔ درگاہ شاہ نورانی میں دھمال کے وقت دھماکے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے درگاہ کو مکمل طورپر گھیرے میں لے لیا ہے جب درگاہ کو مکمل طور پر خالی کرالیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی ابتدائی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جس کے بعد ہی اس بات کا تعین کیا جاسکے گا کہ دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا یہ کوئی خودکش حملہ تھا۔