|

وقتِ اشاعت :   November 14 – 2016

اسلام آباد : منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف بہت جلد سی پیک منصوبے پر صوبوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے ایک بار پھر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 11 مئی 2016 ء میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے ساتھ سی پیک معاملے پر 11 نکات پر اتفاق ہوا تھا۔ گزشتہ روز پشاور میں کے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات میں ان سے کہا کہ اس معاملے پر 11 نکات میں سے کون سے نکتے پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ وہ ایک نکتہ کی بھی نشاندہی نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے کے سی پیک معاملے پر ملک کی سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ غیر رسمی طور پر مشاورت شروع کی ہے وزیراعظم اس ایشو پر بہت جلد اسلام آباد میں پھر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔ جس میں کے پی کے سمیت باقی تمام صوبوں کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا، وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف سے کہتا ہوں کہ سی پیک منصوبے سے متعلق کے پی کے حکومت سے کئے گئے وعدے نبھائیں تو پھر معاملہ ختم۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ہمیں جھوٹی کہانیاں سناتے ہیں کہ سی پیک منصوبے میں کے پی کے کو نظر انداز نہیں کیا جارہا ہے پشاور ہائیکورٹ میں سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے دائر درخواست اس وقت تک واپس نہیں لی جائے گی جب تک کہ وزیراعظم صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کے سی پیک کے روٹ پر انکے تحفظات دور کرنے کی مکمل یقین دہانی نہیں کرا تے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سادہ معاملہ ہے۔ وزیراعظم اور احسن اقبال وعدہ تو کرتے ہیں لیکن اس پر قائم نہیں رہتے۔ انہوں نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان نفاق ہم نہیں وفاق خود پیدا کرتا ہے ۔ وفاق ہمارے صوبے کو نظر انداز کررہا ہے تو کیا ہم خاموش بیٹھے رہیں۔ سی پیک کا سینٹرل روٹ کے علاوہ ایک دوسرا رخ بھی ہے ، دوسرا رخ کے پی کے ہوکر بلوچستان جائے گا۔