کوئٹہ: کوئٹہ میں انصاف کے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے معذوروں پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا،تفصیلات کے مطابق سرکاری کوٹے کے تحت ملازمتیں ، وہیل چیئر اور دیگر ممالک میں معذوروں کو حاصل سہولیات مقامی معذوروں کو دینے سمیت دیگر مطالبات منوانے کے لئے انجمن معذوران بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ کے ہاکی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ایک جج کی گاڑی نے وہاں سے گزر کر ریڈ زون میں جانا تھا کہ ایک معذور جج کی گاڑی کے سامنے آ لیٹا کہ شاید فریاد سنی جائے الٹا پولیس نے اسے ہٹانے کے لئے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔دیگر معذور بھی پولیس تشدد کی زد میں آگئے ۔بعد میں ڈپٹی کمشنر نے معذوروں سے مذاکرات کرکے انہیں مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرائی جس پر وہ منتشر ہوگئے۔