کراچی: جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاک فوج کے اگلے متوقع سپہ سالار کے طور پر چار سب سے سینئر جرنیلوں کے نام لئے جارہے ہیں۔
پاک فوج میں حاضر سروس آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ پر فوج کے سب سے سینئر لیفٹیننٹ جنرلز میں سے کسی ایک کو فوج کا سربراہ مقرر کیا جاتا ہے۔ اس وقت بھی لیفٹیننٹ جنرلز کی فہرست میں چار نام ایسے ہیں جنہیں پاک فوج کے آئندہ سربراہ یعنی ’چیف آف دی آرمی اسٹاف‘ کے مضبوط ترین امیدواروں میں شمار کیا جارہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات
اس وقت آپ پاک فوج میں چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر فائز ہیں جب کہ اس سے پہلے آپ کورپس کمانڈر بہاولپور اور ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن فورس کی ذمہ داریاں نباہ چکے ہیں۔ قبل ازیں وہ بریگیڈیئر کی حیثیت سے پچھلے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے پرنسپل اسٹاف آفیسر بھی رہ چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد
آپ اس وقت پاک فوج میں ’’II کورپس‘‘ کے کمانڈر ہیں جس سے پہلے آپ چیف آف جنرل اسٹاف اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے
پاک فوج میں اکتیس ویں کورپس (XXXI Corps) کے سربراہ ہیں جو اس سے پہلے آپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں چیف انسٹرکٹر اور صدر (پریزیڈنٹ) کے اہم عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں جبکہ چیف آف دی آرمی اسٹاف کے پرنسپل اسٹاف آفیسر اور جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن بھی تعینات رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ
اس وقت چیف آف دی آرمی اسٹاف کے پرنسپل اسٹاف آفیسر اور جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آف دی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ قبل ازیں وہ اقوامِ متحدہ کے تحت کونگو میں پاک فوج کے امن مشن کی قیادت بھی سنبھال چکے ہیں جبکہ انفنٹری اسکول، کوئٹہ میں کمانڈانٹ؛ اور X کورپس میں کورپس کمانڈر کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔