کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا ہے کہ کوئٹہ شہر میں صفائی و ستھرائی کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے جس کیلئے منظم طریقہ کار اپنانے کی ضرورت ہے صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ صفائی کے عملہ کی تعیناتی اور ان سے صحیح معنوں میں کام لے کر صورتحال کو بہتر بنایا جاسکتا ہے صوبائی حکومت نے شہر کی خصوصی صفائی مہم کیلئے پہلے بھی میٹروپولیٹن کارپوریشن سے بھرپور تعاون کرتے ہوئے خطیر فنڈز فراہم کئے ہیں اور آئندہ بھی تعاون کیا جائے گا ،وہ رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمود کی ہمشیرہ کی تعزیت کے موقع پر موجود مےئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ سے غیر رسمی بات چیت کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کو جدید شہری سہولتوں کی فراہمی بالخصوص صحت و صفائی کی سہولیات کے ذریعے مثبت تبدیلی کا احساس دلانے کی ضرورت ہے آج بھی کوئٹہ شہر ٹریفک ،تجاوزات اور صفائی کے مسائل سے دوچار ہے متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو تجاوزات کے خاتمے کی خصوصی مہم کی ہدایت کی گئی ہے اس ضمن میں کسی قسم کا دباؤبرداشت نہیں کیا جائے گااور نہ ہی شہریوں کودرپیش مسائل کے حل میں کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا یہ ہم سب کا شہر ہے جس کی بہتری کی ذمہ داری مشترکہ طور پر ہم سب پر عائد ہوتی ہے شہر اس وقت تک نہیں بنتے جب تک متعلقہ ادارے اور شہری اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا نہیں کرتے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی جس کیلئے اسے صوبائی حکومت کا بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔